کراچی میں بلاول ہاؤس کے قریب ڈپٹی کمشنر سجاول سے گاڑی چھین لی گئی

ڈپٹی کمشنر سے چھینی گئی گاڑی بن قاسم کے قریب خالی پلاٹ سے مل گئی ہے، پولیس کا دعویٰ

اطلاع ملتے ہی پولیس کو ہائی الرٹ اور گاڑی میں لگے ٹریکر کی مدد سے تعاقب کیا گیا، پولیس حکام : فوٹو : فائل

بلاول ہاؤس کے قریب نامعلوم افراد نے ڈپٹی کمشنر سجاول فیصل سجاد سے گاڑی چھین لی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے بلاول ہاؤس کلفٹن کے قریب سے ڈپٹی کمشنر سجاول کی گاڑی اسلحے کے زور پر چھین لی گئی۔ ابتدائی معلومات میں پولیس کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈیپارٹمنٹ سجاول فیصل سجاد کو 3 نامعلوم افراد نے اسلحے کے زور پر روکا اور فیصل سجاد کو گاڑی سے باہر نکال کر خود گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی چھیننے کا واقعہ بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں ہوا اور واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہر میں پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا جب کہ گاڑی میں لگے ٹریکر کی مدد سے بھی تعاقب کیا گیا تاہم کچھ ہی دیر بعد گاڑی بن قاسم پارک کے قریب خالی پلاٹ میں لاوارث حالت میں مل گئی جب کہ واقعے میں ملوث ملزمان میں سے کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کرائی گئی لیکن واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے تفتیش ضرور کی جائے گی تاکہ آئندہ اس طرح کا واقعہ رونما نہ ہوسکے۔

Load Next Story