امریکا نے روس کو کڑے احتساب کی دھمکی دے دی

امریکا ترقی کی نئی راہیں تلاش کر رہا ہے لیکن روس کا ضرور احتساب کیاجائے گا، نائب صدر مائیک پینس

امریکا ترقی کی نئی راہیں تلاش کر رہا ہے لیکن روس کا ضرور احتساب کیاجائے گا، نائب صدر مائیک پینس ۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
امریکی نائب صدر مائیک پینس نے خبردار کیا ہے کہ روس کا کڑا احتساب کیا جائے گا اور امریکا ماسکو کے خلاف ہر میدان میں ڈٹ کر کھڑا رہے گا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی نائب صدر نے جرمنی میں ہونے والی میونخ سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپی ممالک کو یقین دلایا کہ امریکا نیٹو کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس مقصد کے لئے اپنے وعدے پر قائم ہے۔ انہوں نے روس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ترقی کی نئی راہیں تلاش کر رہا ہے لیکن روس کا ضرور احتساب کیاجائے گا۔


امریکی نائب صدر نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ 2015 میں منسک اور بیلاروس میں ہونے والے امن معاہدوں کا احترام کرے اور مشرقی یوکرین میں حکومت اور ماسکو نواز باغیوں کے درمیان تشدد کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ مائیک پینس نے اپنے خطاب کے بعد جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے بھی ملاقات کی جنہوں نے نیٹو کو مضبوط بنانے کے لئے امریکا پر زور دیا۔

واضح رہے کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ ہے جنہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی روس کے ساتھ بڑھتی قربتوں کے باعث دورہ جرمنی کے موقع پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
Load Next Story