ویزا اسکینڈل ٹریول ایجنٹ عابد چوہدری منظر عام پر آگیا گرفتار نہ کیا جائے رحمن ملک

پاکستان لانے کیلیے انٹرپول سے بھی رابطہ کرینگے،90فیصدتحقیقات مکمل کرلی،وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک جعلی پاسپورٹ اسکینڈل کے کردار علی اسد کی تصویر دکھارہے ہیں جس کے برطانیہ سے فنگرپرنٹس طلب کیے گئے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے اولمپک ویزا اسکینڈل کے مرکزی کردار محمد علی اسد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلیے ایف آئی اے کو احکامات جاری کردیئے جبکہ نادرا نے فنگر پرنٹس کے حصول کیلیے برطانوی امیگریشن حکام کو خط لکھ دیا ۔ ہفتہ کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ برطانوی اخبار''دی سن'' نے پاکستان کے پاسپورٹ اور نادراسسٹم کو بدنام کرنیکی کوشش کی، اس کے خلاف شکایت کے اندراج کیلیے برطانوی نیشنل پریس ٹرسٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

انھوں نے کہاکہ اسکینڈل کی90 فیصدتحقیقات مکمل ہوچکی ہے ، محمد علی اسد نے 2002 میںپاکستانی پاسپورٹ حاصل کیا ، جولائی 2012 میں وزٹ ویزے پر پاکستان آیا اور غلط معلومات فراہم کرکے پاسپورٹ اورشناختی کارڈبنوائے ،ڈی جی ایف آئی اے کوکہاہے کہ محمد علی اسدکے خلاف مقدمہ درج کیاجائے، سیکریٹری داخلہ اسے پاکستان لانے کیلیے انٹرپول کو خط بھی لکھیں گے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ عابد چوہدری کے بھائی کے انتقال کی وجہ سے اسے گرفتارنہ کرنے کا کہا ، وہ ایف آئی اے سے تعاون کررہاہے، ہوسکتا ہے اسد علی اور عابدچوہدری کی آپس میں کوئی انڈراسٹینڈنگ ہو، نادرااورپاسپورٹ کے عملے کوحراست میںلینے کامقصدصرف تحقیقات کرنااورشواہداکٹھے کرناہے۔


اس سے قبل وزیرداخلہ رحمن ملک نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ عابد چوہدری کو گرفتار نہ کیا جائے اور ان سے ملاقات کرکے تمام تفصیلات لیکر تحقیقات آگے بڑھائے جائیں۔ دریں اثناویزا اسکینڈل کا ایک اورکردار ٹریول ایجنٹ عابدچوہدری اپنے بھائی کی وفات کے باعث منظر عام پر آگیا ، میڈیا سے گفتگو میں عابد چوہدری نے کہا کہ ویزااسکینڈل جھوٹ کاپلندہ ہے ، میرا خاندان گزشتہ آٹھ روزسے کرب سے گزر رہاہے ، اس اسکینڈل نے میرے بھائی کی جان لی ہے ، محمدعلی اسدکو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایا جائے، اعلیٰ عدلیہ اس سازش کو بے نقاب کرنے کیلیے نوٹس لے اور حکومت برطانوی اخبار کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کرے۔

مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ایف آئی اے نے عابد چودھری کا بیان ریکارڈ کرادیا ، عابد چودھری نے ویزوں کے کاروبار سے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے کہا کہ محمد علی اسد ایک فراڈ انسان ہے ، اکبربٹ نامی شخص نے اسے محمد علی سے ملوایاتھا، لاہور کے ایک ہوٹل کا مینجر رقیب ، محمد علی اسد کو اس سے ملوانے لایا تھا۔ لاہور سے نامہ نگارکے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ سہیل انجم نے پاسپورٹ سکینڈل میں ملوث 4 ملزموں محمد آصف ، سید واصف علی ، مختار حسین اور فہیم احمد کو چارروزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا، ملزموں کے وکیل نے دلائل دیئے کہ زیر حراست چاروں ملازمین ایف آئی آر میں نامزد نہیں ہیں ، ایف آئی اے حکام بااثر لوگوں کو بچانے کیلئے چھوٹے ملازمین پر ملبہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے ، عدالت نے تفتیشی افسرکوحکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔

Recommended Stories

Load Next Story