صدر کی کراچی حیدرآباد موٹر وے ایم 9 پر فوری کام شروع کرنیکی ہدایت

این ایچ اے کے نام پر6 ہزار87 ایکڑ اراضی منتقل کردی گئی باقی ماندہ 777ایکڑ کی لیز تاحال منسوخ نہیں کی گئی

حکومت سوئس حکام کو خط نہیں لکھے گی، زرداری، پرویزاشرف کی باہمی ملاقات میں اتفاق۔ فائل فوٹو

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی ، حیدرآباد موٹر وے ایم 9 پر فوری طور پرکام شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے تاکہ عوام کو سڑکوں کی بہتر سہولت دستیاب ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت کی ہدایت کے بعد سندھ حکومت نے کراچی ، حیدرآباد موٹر وے ایم 9 کے لیے متعلقہ زمین کی لیز منسوخ کرنے اور تجاوزات ختم کر نے کی ہدایت کردی ہے۔

بلٹ، آپریٹ اینڈ ٹرانسفر (بی او ٹی) کی بنیاد پر تعمیر کیے جانے والے موٹر وے کے منصوبے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلیے چیف سیکریٹری سندھ راجہ محمد عباس کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ایم 9 پر تاحال ہونے والی پیشرفت اور اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

این ایچ اے کے نمائندے نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ این ایچ اے اور ملائشیا کی کمپنی بینا پوری کے مابین کنسیشن ایگریمنٹ پر 16 جنوری کو دستخط ہوچکے ہیں ، معاہدے کی مالیاتی شق کے مطابق موٹروے کی مکمل اراضی (رائٹ آف وے) این ایچ اے کے نام پر منتقلی اور تجاوزات کے خاتمے کے بعد مقررہ وقت میں ملائشین کمپنی کو فراہم کی جائے گی اور اس دوران کمپنی کو تعمیر کے کام کے لیے درکار وسائل کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔


انھوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے مجموعی طور پر 6 ہزار 8 سو 64 ایکڑ اراضی درکار ہے جبکہ این ایچ اے کے نام پر تاحال 6 ہزار 87 ایکڑ اراضی منتقل کی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ 7 سو 77 ایکڑ اراضی کی لیز تاحال متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے منسوخ نہیں کی گئی ہے ۔ جس میں ملیر کی 243 ، ٹھٹھہ کی 333 اور جامشورو کی 201 ایکڑ اراضی شامل ہے ۔ چیف سیکریٹری نے متعلقہ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ اراضی کی نشاندہی اور دیگر قانونی کارروائی کے بعد دس روز میں اس کی لیز کی منسوخی کے احکامات جاری کریں ۔

انھوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو یہ ہدایت بھی کی کہ وہ رائٹ آف وے پر قائم تجاوزات کے خاتمے اور یوٹیلیٹیز کی فراہمی کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے ہر ممکن تعاون کریں ۔ چیف سیکریٹری نے متعلقہ افسران سے کہا کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔

یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس ضمن میں سندھ حکومت کو واضح ہدایت کی ہے کہ موجودہ دور حکومت میں ہی اس منصوبے پر کام شروع کردیا جائے ۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد کراچی سے حیدرآباد کے سفر میں 40 منٹ کی کمی واقع ہوگی اور عوام کو بہتر سفری سہولت حاصل ہوسکے گی۔
Load Next Story