اب فیس بک کے ذریعے رقم بھیجیں

لائکس اور شیئر سے آگے بڑھ کر اب فیس بک نے بین الاقوامی طور پر رقم منگوانے اور بھیجنے کی سہولت کا اعلان کیا ہے۔

لائکس اور شیئر سے آگے بڑھ کر اب فیس بک نے بین الاقوامی طور پر رقم منگوانے اور بھیجنے کی سہولت کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہوتی ہوئی سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے اب ایک انوکھی سہولت متعارف کرادی ہے جس میں صارفین بیرون ملک رقم بھی بھیج سکتے ہیں۔

فیس بک کے ذریعے رقم ٹرانسفر کرنے کی سہولت ایک نئی کمپنی ٹرانسفر وائز کے ذریعے ہوسکے گی جس نے ایک چیٹ بوٹ لانچ کیا ہے جو فیس بک صارفین کو اس کی میسنجر سروس کے ذریعے رقم منگوانے اور بھیجنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

تجرباتی طور پر یہ چیٹ بوٹ امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور یورپی یونین کے درمیان رقم کی آمد و ترسیل کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ صارفین کو ان کی کرنسی کی مناسب شرح تبادلہ ( ایکسچینج ریٹس) سے بھی آگاہ کرتا ہے۔


اس سے قبل فیس بک کے ذریعے رقم کی منتقلی کی سہولت صرف امریکا میں موجود تھی لیکن مختلف ممالک کے اکاؤنٹس کے درمیان رقم کا تبادلہ ممکن نہ تھا۔ ٹرانسفر وائز کمپنی لندن میں واقع ہے جس کے ذریعے ہر ماہ 10 لاکھ افراد ایک ارب ڈالر تک کی رقم کا تبادلہ کرتے ہیں۔ اس نئی کمپنی کے لیے ورجن فاؤنڈر رچرڈ برینسن اور ایک مالیاتی فرم اینڈرسین ہوروز نے رقم فراہم کی ہے۔

ٹرانسفر وائز پیسوں کی منتقلی کے درمیان بھاری رقم کا مطالبہ نہیں کرتی اور اسی بنا پر لوگوں نے اسے پسند کیا ہے۔ کمپنی صارفین کو اجازت دیتی ہے کہ وہ اپنی رقم اپنے ملک کے کسی مقامی ٹرانسفر وائز بیک اکاؤنٹ میں جمع کروادیں اور اتنی ہی رقم دوسرے ملک کے کسی مقامی ٹرانسفر وائز بینک سے حاصل کرسکتے ہیں۔

کمپنی کو برطانیہ کے مالیاتی اداروں نے ریگولیشن سند دیدی ہے جب کہ کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس کا چیٹ بوٹ صارفین کے تحفظ کے تمام معیارات پر پورا اترتا ہے۔ فیس بک میسنجر کے لیے یہ چیٹ بوٹ پہلی مرتبہ گزشتہ سال اپریل میں جاری کیا گیا تھا۔
Load Next Story