کراچی کے علاقے ملیر میں پولیس مقابلہ 8 دہشت گرد ہلاک

بکرا پیڑی میں دہشت گردوں کی اطلاع پر کارروائی کی گئی تو ملزمان نے پولیس نفری پر فائرنگ کردی، راؤ انوار

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی اور جند اللہ گروپ سے تھا، ایس ایس پی ملیر. فوٹو: فائل

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے بکرا پیڑی کے علاقے میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں 8 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا کہنا ہے کہ ملیر کے علاقے بکرا پیڑی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ کارروائی کی گئی، پولیس نفری کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کردی تاہم پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرنے کے بعد مقابلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: کراچی میں پولیس کارروائی کے دوران خودکش بمبار سمیت 9 دہشتگرد ہلاک

ایس ایس پی ملیر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں سے 2 کی شناخت گل زمان اور تاج محمد کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی اور جند اللہ گروپ سے تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے لیپ ٹاپ، دستی بم اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

راؤ انوار کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد گل زمان کالعدم ٹی ٹی پی ٹانگ کا سربراہ تھا جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں ایک خود کش بمبار بھی شامل تھا جس کا تعلق جماعت الاحرار سے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حب اور ساکران کے علاقوں میں دہشت گرد موجود ہیں۔
Load Next Story