فاتح قومی کرکٹ ٹیم کا بھارت سے وطن واپسی پر شاندار استقبال

بھارت کے خلاف جیت کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے،عرفان اورجنیدنے بھارتی کھلاڑیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا، مصباح الحق

بنگلہ دیش بورڈ دورے کا فیصلہ کرتا ہے تو پاکستان بھی قربانی کے لئے تیار ہے، ذکا اشرف۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

بھارت کو ون ڈے سیریزمیں شکست اورٹی ٹوئنٹی سیریز برابر کھیلنے والی قومی کرکٹ ٹیم نئی دہلی سے وطن واپس پہنچ گئی۔

لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر قومی ہیروز کا شانداراستقبال کیا گیا،ایئرپورٹ پرپی سی بی کے حکام کےعلاوہ شائقین اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے اپنے ہیروز پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر میڈیا سےبات کرتے ہوئے پی سی بی کے چیرمین ذکااشرف نے کہا ہے کہ وہ وقت دورنہیں جب بھارت سمیت دیگر ممالک کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ بھارتی بورڈ نے دورہ پاکستان سے انکار نہیں کیا دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ ڈپلومیسی جاری ہے، امید ہے کہ جلد ہی قوم کو خوشخبری ملے گی۔

پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان سے انکار نہیں کیا، دورے کی تاریخوں سے متعلق بات چیت جاری ہے۔ اگر بنگلہ دیش بورڈ دورے کا فیصلہ کرتا ہے تو پاکستان بھی قربانی کے لئے تیار ہے دوسری صورت میں پی سی بی کھلاڑیوں کی مصروفیت کو دیکھے گا۔


ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کسی بھی کھلاڑی کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے، کارکردگی کی بنیاد پر کسی بھی کھلاڑی کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ کرکٹ بورڈ فیصلہ کرے گا، ملک کی عزت کے لئے کھیلنے والے کھلاڑی ہی قوم کے سپاہی ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ بھارت کے خلاف جیت کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا محمد عرفان اورجنید خان نے بھارتی کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان نے آخری میچ بھی جیتنے کی پوری کوشش کی لیکن اس دن بھارت ہم سے اچھا کھیلا اورجیت گیا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے وہ آئی سی سی کی ون ڈے آل راؤنڈر رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہیں۔ بھارت کو اس کی سرزمین پرشکست دے کرٹیم نے یہ ثابت کردیا ہے اگرلگن سچی ہوتو پھر کسی بھی ٹیم کوہرایا جاسکتا ہے۔

فاسٹ بالرجنید خان کا کہنا تھا کہ وریندرسہواگ کو آؤٹ کرکے بہت خوشی ہوئی۔ ان کی کوشش ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو جاری رکھیں تاکہ ون ڈے کے ساتھ ہی ٹی 20 اور ٹیسٹ ٹیم میں بھی جگہ بناسکیں جبکہ ناصرجمشید نےکہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکرہے پاکستان نے بھارت کو اس کی سرزمین پرشکست دی۔ بھارت کو شکست دینے کے بعد ٹیم کے حوصلے بہت بلند ہیں اورٹیم کا یہ مورال آئندہ جنوبی افریقا کی سیریز میں کام آئے گا۔
Load Next Story