لندن پولیس کی تاریخ میں پہلی خاتون کمشنر تعینات

سربرنارڈ ہوگن کی ریٹائرمنٹ کے بعد لندن میٹرو پولیس کمشنر کا قرعہ کریسیڈا ڈک کے نام نکلا

کریسیڈا کی تعیناتی کے بعد برطانیہ میں پہلی بار پولیس کے تینوں اہم عہدے خواتین کی زیر نگرانی آ گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

لندن پولیس کی 188 سالہ تاریخ میں پہلی بار کریسیڈا ڈک نامی خاتون کو میٹرو پولیٹن پولیس کا کمشنر تعینات کر دیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق لندن پولیس کی 188 سالہ تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو کمشنر تعینات کیا گیا ہے، سربرنارڈ ہوگن کی ریٹائرمنٹ کے بعد نیشنل پولیس چیفس کونسل کی سربراہ سارا تھورنٹن، ایسکس پولیس چیف اسٹیفن، اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مارک راؤلی اور انسداد دہشت گردی کی سربراہ کریسیڈا ڈک کو نامزد کیا گیا تھا تاہم لندن میٹرو پولیٹن پولیس کمشنر کا قرعہ کریسیڈا ڈک کے نام نکلا۔ کریسیڈا ڈک کی تقرری کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ برطانیہ میں پولیس کے تینوں اہم عہدے خواتین کی زیر نگرانی ہو گئے ہیں جن میں میٹروپولیٹن کمشنر، نیشنل کرائم ایجنسی کی سربراہ اور نیشنل پولیس چیفس کونسل کی صدارت شامل ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاکستانی نژاد صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر منتخب


کریسیڈا ڈک کے میٹروپولیس کمشنر تعینات ہونے پر برازیل سے تعلق رکھنے والے چارلز ڈی مینیز کے خاندان نے شدید احتجاج کیا ہے کیوں کہ 2005 میں لندن دھماکوں کے تقریباً 2 ہفتے بعد کریسیڈا کی سربراہی میں کیے جانے والے ایک آپریشن میں چارلز کو مبینہ دہشت گرد سمجھتے ہوئے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لندن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بنکاک سب سے بڑا سیاحتی مرکز بن گیا

واضح رہے کہ 56 سالہ کریسیڈا نے آکسفرڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے کے بعد 1983 میں پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی اور 2009 میں وہ لندن میٹروپولیٹن پولیس کی پہلی اسسٹنٹ کمشنر تعینات ہوئیں، پھر 31 سالہ سروس کے بعد دسمبر 2014 میں اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس چھوڑ کر وزارت خارجہ میں شمولیت اختیار کی۔
Load Next Story