پی آئی اے کے پائلٹ نے طیارے کو منی بس بنادیا

جہاز کا پائلٹ اپنے اختیارات استعمال کرکے طیارے میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کو کراچی سے مدینہ لے گیا

جہاز کے پائلٹ کیپٹن عادل نے مسافروں کو جہاز میں بٹھانے کے لیے اپنے اختیارات استعمال کیے، زرائع فوٹو: فائل

لاہور:
قومی ایئر لائن کے باکمال لوگ ہر روز اپنی لاجواب سروس سے نت نئے کارنامے انجام دیتے رہتے ہیں لیکن چند روز پہلے پائلٹ نے بین الاقوامی پرواز کے دوران ہوابازی کے قواعد کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے گنجائش سے زائد مسافروں کو لے جا کر کئی قیمتی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے پائلٹ نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز نمبر پی کے 743 میں فضائی میزبانوں کے لیے مختص نشستوں پر مسافروں کو بٹھاکر سفر کرایا،جہاز کے عملے نے اضافی مسافروں کو جمپ سیٹ پر بٹھانے سے انکار کیا لیکن جہاز کے پائلٹ کیپٹن عادل نے مسافروں کو جہاز میں بٹھانے کے لیے اپنے اختیارات استعمال کیے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کینیڈا میں پی آئی اے کی ایئرہوسٹس چوری کے الزام میں گرفتار


زرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے پی آئی اے چیف ایگزیکٹو افسر نے کمیٹی قائم کر دی ہے جب کہ ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پروازوں کو محفوظ بنانے کیلئے بکروں کا صدقہ

واضح رہے کہ خاص تعداد سے زائد مسافروں کی جمپ سیٹ پر موجودگی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے کیونکہ ایمرجنسی کی صورت میں سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

 
Load Next Story