میر پور خاص پولیس مظاہرین پر ٹوٹ پڑی بھگدڑ مچ گئی

صفائی کی ابتر صورتحال کیخلاف احتجاج کرنیوالوں پر وحشیانہ لاٹھی چارج، کئی زخمی

متعلقہ ادارے کو کئی بار شکایت کرنے کے باوجود صورتحال تبدیل نہ ہونے پر شہری مشتعل ہو گئے اور انہوں نے ایم اے جناح روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

نکاسی آب کی ناقص صورتحال پر احتجاج کرنے والے کھارپاڑہ اور نواح کے رہائشیوں پر پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے علاقے کھار پاڑہ، نور شاہ کالونی، مکرانی پاڑہ اور دیگر میں کافی عرصہ سے گٹر ابل رہے ہیں جن کا پانی گھروں میں داخل ہونا شروع ہوگیا اور راستے جھیل کا منظر پیش کررہے تھے، جس کی وجہ سے اہل علاقہ کے ساتھ ساتھ نمازیوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، متعلقہ ادارے کو کئی بار شکایت کرنے کے باوجود صورتحال تبدیل نہ ہونے پر شہری مشتعل ہو گئے اور انہوں نے ایم اے جناح روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔




اس دوران ڈی ایس پی سٹی عمر شاہانی اور ایس ایچ او ٹائون آدم ابڑو پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ سڑک کھلوانے پہنچ گئے اور مذاکرات کی ناکامی پر پولیس مظاہرین پر ٹوٹ پڑی اور شدید لاٹھی چارج شروع کردیا، جس سے مظاہرین میں بھگدڑ مچ گئی اور کھار پاڑے کے رہائشی محمد آصف اور محمد الیاس سمیت کئی افراد لاٹھیاں لگنے اور گرنے سے زخمی ہوگئے۔ اس موقع پر مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنائی اور لاٹھی چارج کرنے والے اہلکاروں اور افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان بھی کیا۔
Load Next Story