پاکستان سے تجارت بڑھانا چاہتے ہیں نیپالی سفیر

سیاحت وزراعت میں تعاون سے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے، راولپنڈی چیمبر کا دورہ

دونوں ممالک کی کاروباری برادری جن مصنوعات کی تجارت کرنا چاہتی ہے سفارتخانہ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے، نیپالی سفیر فوٹو: فائل

پاکستان میں تعینات نیپال کے سفیر بھارت راج پاوڈیال نے کہا کہ پاکستان اور نیپال سیاحت اور زراعت کے شعبے میں خاص طور پر تعاون کو فروغ دے کر کثیر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں۔

نیپالی حکومت اور کاروباری برادری پاکستان سے تجارت کا فروغ چاہتی ہے، دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات کو مزید ترقی دینے کیلیے دونوں اطراف کی کاروباری برادری کو کردار اد ا کرنا ہو گا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران تاجروں و صنعتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ راولپنڈی چیمبر پاک نیپال تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہاہے اور اب تک نیپال میں چیمبر کی طرف سے تین سنگل کنٹری نمائشوں کا کامیاب انعقاد ہو چکا ہے جس کی وجہ سے نیپال کی تجارتی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔

دونوں ممالک کی کاروباری برادری جن مصنوعات کی تجارت کرنا چاہتی ہے سفارتخانہ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے پاکستانی کاروباری برادری کو نیپال میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرتے ہوئے کہا کہ نیپال میں ٹیکس کی شرح کم اور سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے، ہائیڈرو، مائنز اینڈ منرل، زراعت وغیرہ میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، پاکستان میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع موقع موجو دہیں۔ انہوں نے راولپنڈی چیمبر کو نیپال میں ہونے والی بین الاقوامی نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی۔




اس موقع پرراولپنڈی چیمبر کے صدر منظر خورشید شیخ نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر ستمبر میں کھٹمنڈو میں یک ملکی نمائش کا اہتمام کر رہا ہے اور یہ اپنی نوعیت کی چوتھی نمائش ہو گی۔ انہوں نے سفیر کی طرف سے کھٹمنڈو میں ہونے والی چوتھی سنگل کنٹری نمائش میں تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں دونوں ممالک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا یقین دلایا۔

اس موقع پر چیئرمین سارک اسٹینڈ نگ کمیٹی راولپنڈی چیمبر خورشید برلاس، سینئر نائب صدر پرویز احمد وڑائچ، نائب صدر چوہدری ندیم اے روف، گروپ لیڈر نجم الحق ملک، اراکین مجلسِ عاملہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
Load Next Story