ناصر مین آف دی سیریز ٹرافی دہلی میں بھول گئے

بذریعہ کوریئر پاکستان بھجوا دیں گے، اوپنر کو لائزن آفیسر نے اطمینان دلا دیا

شاندار کارکردگی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھوں گا، ناصر جمشید فوٹو: بی سی سی آئی

ISLAMABAD:
بھارت سے ون ڈے سیریز کی فتح کے ہیرو ناصر جمشید اپنی مین آف دی سیریز ٹرافی نئی دہلی کے ہوٹل میں ہی بھول آئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم دورہ مکمل کر کے وطن واپسی کیلیے روانہ ہورہی تھی کہ دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی،ایئر پورٹ آمد پر معلوم ہوا کہ ناصر جمشید اپنی مین آف دی سیریز ٹرافی ہوٹل کے کمرے میں ہی بھول آئے ہیں،اوپنر اس بارے میں کافی پریشان دکھائی دیے۔


ٹیم انتظامیہ نے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن اور ہوٹل انتظامیہ سے رابطہ کیا جس پر ٹیم کے لائزن آفیسر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بذریعہ کوریئر ٹرافی پاکستان بھجوا دیں گے، دریں اثنا تین میچز میں241 رنز بنانے والے اوپنر نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شاندار کارکردگی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھوں گا۔



انھوں نے کہا کہ تیسرے ون ڈے میں بھی اچھا آغاز کیا تاہم عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ دیر تک برقرار نہ رکھ سکا، دوسری اننگز کے دوران فیروز شاہ کوٹلہ کی پچ پر رنز بنانا مشکل تھا، انھوں نے کہا کہ اپنی بیٹنگ تکنیک میں خامیاں درست کرنے کیلیے مزید کام کرنے کو تیار ہوں، انضمام الحق اور سعید انور کی رہنمائی سے بڑا فائدہ ہوا،دوبارہ مشاورت سے مزید بہتری لائوں گا۔
Load Next Story