خوابوں کی تعبیر

اپنے خوابوں کی صحیح تعبیریں جانیے۔

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

میاں مشتاق احمد عظیمی گزشتہ چودہ سال سے روزنامہ ایکسپریس کے سنڈے میگزین میں خوابوں کی تعبیر کا سلسلہ تحریر کر رہے تھے، گزشتہ دنوں وہ اس جہان فانی سے رخصت ہو گئے، اپنی وفات سے قبل موصول ہونے والوں خطوں کا جواب لکھ چکے تھے جو قارئین کی خدمت میں پیش ہے۔

گدھے سے گرنا
طارق مجید، اوکاڑہ
خواب: میں نے چند دن پہلے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کھیت میں کھڑا ہوتا ہوں۔ کیا دیکھتا ہوں ایک گدھا میری فصل کو تباہ کر رہا ہے۔ میں جلدی سے اس کو پکڑ لیتا ہوں اور اس پر سواری کرنا چاہتا ہوں مگر ہر بار گدھا آگے لے جا کر مجھے گرا دیتا ہے اور پھر بھاگ جاتا ہے، اس خواب کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے تنگدستی اور پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے کسی جگہ سے کام کے سلسلے میں جواب ہو سکتا ہے، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ دوستوں اور عزیزوں میں کسی وجہ سے آپ کی عزت کم ہو جائے، آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد ''استغفار'' کریں، رات کو سونے سے پہلے اوّل و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ تین تین مرتبہ یا حفیظ یااللہ پڑھ کر خود پر دم کر لیا کریں۔

مسجد میں نماز ادا کرنا
مجید الرحمن،اسلام آباد
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے محلے کی جامع مسجد میں جاتا ہوں۔ وہاں وضو کر نے کے بعد نماز پڑھنے کے لئے مسجد میں داخل ہوتا ہوں وہاں مجھے اپنا دوست جاوید ملتا ہے، میں اس سے دعا سلام کرنے کے بعد نماز ادا کرتا ہوں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے، تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ نیک بخت ہوں گے اور اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں میں شمار ہو گا، اللہ تعالیٰ آپ کے رزق و وسائل میں برکت دے گا اور دین اور دنیا دونوںمیں بھلائی نصیب ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا اللہ یا رحمن یا رحیم پڑھ کر پانی پر دم کر کے پی لیا کریں۔

مجھے گولی لگ گئی
سجاد احمد، اٹک
خواب:کچھ دن پہلے مجھے ایک ایسا خواب آیا جس کی وجہ سے میں پریشان ہوں، میں نے دیکھا کہ میں بازار میں جا رہا ہوتا ہوں۔ وہاں ایک موٹر سائیکل سوار بہت تیزی سے گزرتا ہے اور ایک دکاندار کو جا کر مارنا شروع کر دیتا ہے۔ میں ان دونوں کو لڑتا دیکھ کر ان کے پاس جاتا ہوں اور دونوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرنے لگتا ہوں کہ ایک لڑکے نے پستول نکال لیا اور گولی چلا دی، وہ گولی مجھے لگ جاتی ہے۔ میں زخمی ہو کر زمین پر گر جاتا ہوں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے پتہ چلتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کو کوئی بڑا نقصان ہو جائے، کاروبار میں بھی نقصان ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں، کچھ صدقہ اور خیرات بھی ضرور کریں۔

تالاب میں غسل
دلاور چودھری، سوات
خواب-: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک کلب میں جاتا ہوں جہاں پر ایک خوبصورت تالاب ہوتا ہے، اس تالاب کے اندر بڑا صاف اور شفاف پانی ہوتا ہے، پھر میں کپڑے اتار کر اس تالاب کے اندر جاتا ہوں اور کچھ دیر تک اس تالاب میں غسل کرتا ہوں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر-:اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے اگر کوئی بیماری ہو گی تو اللہ تعالیٰ آپ کو شفاء عطا فرمائیں گے، آپ کی عزت اور وقار میں بہتری ہو گی، اپنے حلقہ احباب میں عزت اور توقیر ہو گی، لوگ آپ سے محبت کریں گے اور کاروبار میں ترقی ہو گی، نماز پنجگانہ کے ساتھ یاشکور یاعزیز کا ورد کیا کریں، وضو یا بغیر وضو۔

لاہور کی توپ
محمد ابراہیم، اسلام آباد
خواب-: میں نے دیکھا کہ میں لاہور کی سڑک مال روڈ پر ہوتا ہوں اور سڑک پر لگی زمزمہ توپ دیکھتا ہوں۔ توپ ساری پیتل کی بنی ہوتی ہے۔ میں توپ کو ہاتھ لگا کر دیکھتا ہوں۔ پھر میں وہاں سے آگے چلا جاتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر-: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ اپنے دشمنوں پر غالب رہیں گے، کاروبار میں برکت ہو گی، جس سے وسائل میں اضافہ ہو گا، کوئی بھی نیک کام کرنے کا ارادہ فرمائیں گے تو اللہ تعالیٰ اس کام میں برکت عطا فرمائیں گے اور وہ انشاء اللہ سرانجام پائے گا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور یاحی یاقیوم کا ورد کثرت سے کریں۔

خود کو ننگا دیکھنا
ناصر جاوید، کراچی
خواب-: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتا ہوں۔ جب میں اپنے بستر کے پاس جاتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میرے جسم پر کوئی لباس نہیں ہوتا یعنی میں کپڑوں کے بغیر ہوتا ہوں، مجھے بڑی حیرت ہوتی ہے کہ میں ایسے کیوں ہوں، پھر میں جلدی سے اپنی الماری کی طرف جاتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر-:یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی غم یا پریشانی آپ کو لاحق ہو سکتی ہے، آپ کے کاروبار میں نقصان ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے آپ کے وسائل میں کمی کے ساتھ ساتھ رزق میں کمی آ سکتی ہے، یا یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی بیماری ایسی لاحق ہو جائے جس پر کافی رقم خرچ کرنی پڑے، اس سے آپ اللہ نہ کرے مقروض بھی ہو سکتے ہیں۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے ''استغفار'' کیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کروادی جائے گی، آپ کسی دن صبح فجر کی نماز کے بعد آٹا، چاول یا سفید کپڑا کسی مستحق کو دے دیں۔

پرانے کپڑے پہننا
زویا عالم، ترکی
خواب-: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کسی رشتہ دار کے ہاں جاتی ہوں تو وہاں جانے کے بعد میری عزیزہ بتاتی ہے کہ تم نے اتنے پرانے کپڑے کیوں پہنے ہوئے ہیں، جب میں اپنے کپڑوں پر غور کرتی ہوں تو مجھے پتہ چلتا ہے کہ واقعی میرے کپڑے بہت پرانے اور کئی جگہوں سے پھٹے بھی ہوتے ہیں، میں وہاں سے جلدی سے نکل جاتی ہوں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر-: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی غم یا پریشانی آ سکتی ہے۔ وسائل میں کمی کی وجہ سے گھر میں غربت ہو سکتی ہے۔ کاروبار میں تنگی کی وجہ سے نقصان کا خطرہ بھی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد ''استغفار'' بھی کیا کریں۔ اللہ کی راہ میں صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

محفل میلاد میں شرکت
عبدالقادر، بحرین
خواب-: میں نے خواب میں دیکھا کہ ہمارے محلہ میں ایک ہمسایہ کے ہاں محفل میلاد ہو رہی ہوتی ہے، میں اس محفل میں شرکت کرنے کے لئے اس دوست کے گھر جاتا ہوں، وہاں بڑے اچھے اچھے نعت خواں تشریف لائے ہوئے ہوتے ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نعت پیش کر رہے ہوتے ہیں۔ میں بھی ایک کمرے میں بیٹھ جاتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر-: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے دین اور دنیا دونوں میں بہتری آئے گی۔ کاروبار میں ترقی ہو گی، اللہ تعالیٰ مال اور وسائل میں بھی برکت عطا فرمائیں گے۔ دین کے ساتھ وابستگی زیادہ سے زیادہ ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کریں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کا مطالعہ بھی کیا کریں۔

گائوں کا تالاب خشک ہوتا ہے
خاور جتوئی، لیہ
خواب-: میں نے دیکھا کہ میں شہر سے اپنے گائوں کی طرف جا رہا ہوتا ہوں تو راستے میں گائوں کا ایک بہت بڑا تالاب آتا ہے۔ یہ تالاب اس گائوں کے بندوں نے بنایا تھا اور جب میں تالاب کو دیکھتا ہوں تو وہ مکمل طور پر خشک ہو چکا ہوتا ہے۔ میں تالاب کو خشک دیکھ کر بہت زیادہ پریشان ہو جاتا ہوں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر-:یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی غم یا پریشانی آ سکتی ہے۔ کاروبار میں نقصان ہونے کا اندیشہ ہے، جس سے مال اور وسائل دونوں میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ دوست احباب سے تعلقات خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ رزق میں کمی بھی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔ کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

سانپ پکڑ لیتا ہوں
طاہر نواز، خانپور
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں لیٹا ہوا ہوتا ہوں اور میر ی نظر سامنے دروازے پر پڑتی ہے۔ میں دیکھتا ہوں کہ ایک سانپ نہ جانے کہاں سے میرے کمرے کی طرف آ رہا ہوتا ہے۔ میں جلدی سے ایک چھڑی کی مدد سے سانپ پر قابو پالیتا ہوں اور پھر اس کو پکڑ کر مار دیتا ہوں۔ مارنے کے بعد اس کو اٹھا کر وہاں ایک کھڈے میں پھینک دیتا ہوں اور پھر اوپر سے مٹی ڈال دیتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے آپ کو دشمن پر فتح دیں گے اور آپ اس پر قابو پا لیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے وسائل اور مال میں برکت عطا فرمائیں گے۔ کاروبار میں اضافہ ہو گا۔ مشکلات پر قابو پانا آسان ہو جائے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔ کسی بھی منگل یا ہفتہ کے دن کالے ماش' کالے چنے اور کالا کپڑا صدقہ کردیں۔

انار خریدتا ہوں
اویس نور،کوئٹہ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں بازار میں کچھ خریدنے کیلئے جاتا ہوں۔ پھر ایک دوکان کے سامنے سے ایک ریڑھی والے سے ایک خوبصورت انار خریدتا ہوں۔ وہ انار دیکھنے میں بڑا خوبصورت اور اچھا لگتا ہے۔ میں دوکاندار کو اس کی قیمت ادا کرنے کے بعد خرید کر گھر لے آتا ہوں۔ گھر آ کر اس کو چھری سے کاٹتا ہوں ۔ اس کے دانے بڑے خوشنما اور سرخ ہوتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے کاروبار میں اضافہ ہو گا جس سے آپ کے وسائل اور مال میں ترقی ہو گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایک صالح فرزند سے نوازیں گے جس سے آپ کے خاندان کی عزت اور توقیر ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو کے یا حی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت پاک کا مطالعہ ضرور کیا کریں۔

باجرہ کی روٹی
فاطمہ ملک، ساہیوال
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنی خالہ کے گائوں میں ہوں۔ میری خالہ میرے لئے دوپہر کو باجرہ کی روٹی اور ساگ لے کر آتی ہے۔ لسی اور مکھن بھی ساتھ رکھا ہوتا ہے۔ وہ گرم گرم باجرہ کی روٹی کے اوپر ایک مکھن کا پیڑا رکھتی ہے جس سے روٹی نرم ہو جاتی ہے۔ میں ساگ کے ساتھ وہ روٹی کھاتی ہوں تو مجھے بڑا مزہ آتا ہے اور میری خالہ سامنے بیٹھی محبت بھری نگاہ سے دیکھتی ہے تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ اللہ تعالیٰ مال اور وسائل میں کشادگی عطا فرمائیں گے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی دلی مراد جلدی پوری ہو جائے۔ گھر میں آرام اور سکون میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور کا ورد بھی جاری رکھیں۔

سونے کا بازو بند
جہان آرا بیگم،کراچی
خواب: میں نے دیکھا کہ میرے شوہر جب کام سے واپس آتے ہیں تو ان کے ہاتھ میں ایک ڈبہ ہوتا ہے۔ وہ ڈبہ لا کر مجھے دے دیتے ہیں جب میں وہ ڈبہ کھولتی ہوں تو اس میں سونے کا ایک با زو بند ہوتا ہے جس کے اوپر بڑے خوبصورت سرخ اور نیلے رنگ کے نگینے لگے ہوتے ہیں۔ میں جلدی سے اپنے میاں صاحب سے کہتی ہوں کہ وہ میرے بازو کے اوپر یہ بازو بند باندھ دیں۔ میں خوشی سے بے قرار ہو جاتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:اچھا خواب ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان محبت اور عزت میں اضافہ ہو گا۔ گھر میں آرام اور سکون نصیب ہو گا جس سے مال اور وسائل میں برکت ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

میری شادی ہو جاتی ہے
فاخرہ اسلم، منڈی بہائو الدین
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ ہمارے گھر میں بڑی رونق ہوتی ہے۔ بچے اور بڑے اچھے لگ رہے ہوتے ہیں۔ پھر میں نے دیکھا کہ میں دلہن بنی بیٹھی ہوتی ہوں اور پھر میرے ماموں آتے ہیں۔ ا ن کے ساتھ ایک نکاح خواں اور تین اور لوگ ہوتے ہیں۔ وہ ایک فارم پر میرے دستخط کرواتے ہیں۔ پھر میں نے دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں ہوتی ہوں اور وہاں ایک کرسی پر بیٹھی ہوتی ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی یا غم درپیش ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری لاحق ہو جائے۔ کاروبار میں نقصان ہونے کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے اور مال و وسائل دونوں میں کمی بھی آ سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔ کسی منگل یا ہفتہ کو سفید آٹا ' چاول 'دودھ یا سفید کپڑا کسی مستحق کو ضرور دیں اور یہ صدقہ و خیرات 100روپے سے کم نہ ہو۔

اپنے آپ کو بیمار دیکھنا
طاہرہ احمد،حیدر آباد
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوں اور پھر میں اپنی ڈریسنگ ٹیبل کے پاس ہوں۔ جب میں اپنا چہرہ شیشے میں دیکھتی ہوں تو حیران رہ جاتی ہوں۔ میرے چہرے پر ہوائیاں اڑ رہی ہوتی ہیں۔ چہرہ بالکل زرد رنگ کا نظر آتا ہے جیسے میں کافی عرصہ سے بیمار ہوں۔ پھر میں اپنے جسم کی طرف دیکھتی ہوں تو وہ بھی کمزور سا دکھائی دیتا ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی یا غم درپیش ہو سکتا ہے۔ کہیں سفر پر جانا بھی منسوخ ہو سکتا ہے۔ آپ کی عبادت اور ریاضت میں بھی تعطل آ سکتا ہے۔ گھر کا سکون بھی خراب ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں ۔ کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

پھل دار باغ دیکھنا
چودھری نوازدین، چیچہ وطنی
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کھیت میں کھڑا ہوتا ہوں اور وہاں سے ساتھ والے باغ میں چلا جاتا ہوں۔ وہاں پر اتنے زیادہ پھل دار درخت ہوتے ہیں اور ان پر کنو اور فروٹر بہت زیادہ تعداد میں لگے ہوتے ہیں۔ اتنا زیادہ پھل دار باغ دیکھ کر میں بہت خوش ہوتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے رزق میں اضافہ ہو گا۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی اور یہ کاروبار ترقی کرے گا۔ عزت اور شہرت میں اضافہ ہو گا۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔دولت اور ثروت آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکوریا عزیز کا ورد بھی کیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔

بکرے کا گوشت کھانا
صلاح الدین،لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنی دوکان سے واپس آتا ہوں تو میری بیوی میرے لئے کھانا لاتی ہے۔ جب میں سالن پر سے ڈھکنا اٹھاتا ہوں تو اس میں بکرے کا گوشت ہوتا ہے جس کو دیکھ کر میں بہت خوش ہوتا ہوں۔ پھر میں اپنی پلیٹ میں ڈال کر روٹی کے ساتھ کھاتا ہوں اور ساتھ سلاد چٹنی بھی ہوتی ہے۔ پھر آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رزق میں اضافہ ہو گا۔ اللہ تعالیٰ کاروبار میں برکت عطا فرمائیں گے جس سے مال اور وسائل دونوں میں برکت پیدا ہو گی۔ اللہ تعالیٰ گھر میں آرام اور سکون کے ساتھ خوشی عطا فرمائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد یا حی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔

چاندگرہن
وسیم حسین ،گوجرانوالہ
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتا ہوں پھر میں کمرے کی کھڑکی سے چاند کی طرف دیکھتا ہوں۔ چاند گرہن لگا ہوتا ہے۔ میں بڑی پریشانی سے واپس اپنے بستر پر آجاتا ہوں مگر بستر پر لیٹے لیٹے پھر چاند کو دیکھتا رہتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی غم یا پریشانی آسکتی ہے جس کی وجہ سے آپ کی صحت خراب ہو سکتی ہے۔ کاروبار میں گھاٹا یا کمی ہو سکتی ہے جس سے وسائل میں کمی آسکتی ہے۔ آپ کا آرام اور سکون بھی متاثر ہوگا۔ آپ نمازپنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔ آپ اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

گھرکی چھت پر چڑھنا
فیصل خان، پشاور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں بازار سے آکر اپنے گھر میں داخل ہوتا ہوں اور مکان کی سیڑھیوں سے چڑھ کر مکان کی چھت پر آجاتا ہوں، ہمارا گھر تین منزلہ ہوتا ہے اس کی سیڑھیوں کی تعداد بھی کافی ہوتی ہے۔ میں آہستہ آہستہ ان سیڑھیوں پر چڑھ کر اوپر چھت پر آجاتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو اپنے قبیلے کی سرداری مل سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کاروبار میں برکت عطا فرمائیں گے۔ وسائل اور دولت میں اضافہ ہوگا جس سے آپ کا شمار امیر کبیر لوگوں میں ہوگا کسی حاکم وقت کے ساتھ دوستی ہو سکتی ہے جس سے آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔ نماز پنجگانہ کے ساتھ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں ۔

بارش
عابد سلیم، نوشہرہ
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے فلیٹ کی چھت پر ہوں اور مغرب سے ایک دم بادل آتے ہیں۔ ساتھ ہوا بھی چل رہی ہوتی ہے کہ ایک دم بارش شروع ہوجاتی ہے۔ آسمان سے گرتے بارش کے قطرے بڑے صاف اور شفاف نظر آتے ہیں اور پھر بارش سارے علاقے میں شروع ہو جاتی ہے۔ اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ مال اور وسائل میں بہتری آسکتی ہے۔ زندگی میں آرام اور سکون بھی مل سکتا ہے۔ ترقی اور کامرانی آپ کے قدم چومے گی۔ رزق میں اضافہ ہوگا۔ دین اور دنیا میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یاشکور کا ورد بھی کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

پاخانہ کرنا
ثاقب خواجہ، بنوں
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے واش روم میں جاتا ہوں اور جب میں لیٹرین میں دیکھتا ہوں تو اس میں پاخانہ ہوتا ہے۔ کسی نے پاخانہ کرکے اس پر پانی استعمال نہیں کیا ہوتا۔ میں پھر واپس آنے کی سوچ رہا ہوتا ہوں تو پھر میں بھی پاخانہ کرکے پانی استعمال کرتا ہوں۔ مہربانی فرماکر اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دھیان صرف اور صرف دنیاداری کی طرف مرکوز ہے۔ مال و دولت کے ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔ کاروبار میں نقصان بھی ہوسکتا ہے۔ اس طرف بھی اشارہ ہوسکتا ہے کہ آپ کی توجہ صرف دولت کمانے اور جمع کرنے کی طرف ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔

موٹا بیل گھر کے اندر دیکھنا
طلحہ چودھری، میلسی
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میری حویلی ہوتی ہے۔ کھیت سے ایک موٹاسا بیل گھر کے اندر آجاتا ہے۔ بیل کے آنے سے بچے شور مچا دیتے ہیں اور میں جلدی سے اس موٹے بیل کو بڑی مشکل سے اس کے سینگوں سے پکڑ کر باہر نکالتا ہوں اور پھر اس کو کھیت میں لے جاتا ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے رزق میں اضافہ ہوگا مال مویشی میں برکت ہوگی۔ کاروبار میں اضافہ ہوگا جس سے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ گھر آباد ہوگا۔ عزت اور توقیر میں بھی اضافہ ہوگا۔ آپ نمازپنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کیا کریں۔
Load Next Story