سابق اسٹارز نے عمر اکمل کی کمٹمنٹ پر سوال اٹھا دیا

سلیکٹرز ڈراپ کرکے ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت کرنے کی ہدایت کریں، راشد

ایسا ٹیلنٹ کسی کام کا نہیں جو ٹیم کی فتوحات میں کارگر ثابت نہ ہوسکے، معین خان فوٹو: فائل

سابق اسٹارز نے عمر اکمل کی کمٹمنٹ پر سوال اٹھا دیا، ان کے مطابق نوجوان بیٹسمین کو کھیل میں بہتری لانے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ عمرکو انٹرنیشنل مقابلوں کیلیے درکار ٹمپرامنٹ بحال کرنیکی نصیحت کیساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کیلیے بھیج دیا جائے، نوجوان بیٹسمین کو صلاحیتوں کے اظہار کے بہت سے مواقع فراہم کیے جاچکے، مگر وہ جیت کیلیے سفر مکمل کرنے کی کوششوں میں ناکام رہے ہیں، اب وقت آگیاکہ سلیکٹرز انھیں ڈراپ کرکے ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت کرکے انداز قومی ٹیم کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کی ہدایت کریں۔ سابق قائد معین خان نے کہا کہ بلاشبہ عمر اکمل باصلاحیت ہیں مگر ایسا ٹیلنٹ کسی کام کا نہیں جو ٹیم کی فتوحات میں کارگر ثابت نہ ہوسکے۔




وہ میچ کا کامیاب اختتام کرنے میں ناکام رہتے ہیں جو بڑے افسوس کی بات ہے، دہلی کے ون ڈے میں شکست کے بعد مصباح الحق نے کہا تھا کہ ہم عمر اکمل کو بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ اکثرکہاں غلطی کر جاتے ہیں،اس عمر میں یہی سوچ ہوتی ہے کہ ایک جارحانہ اسٹروک سارا دبائو ختم کردے گا،ہمیں اسے بتانا ہوگا کہ اننگز کو آگے بڑھانا اور تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرنا کس قدر اہم ہوتا ہے، عمر کے کیریئر کیلیے بہتر ہوگا کہ وہ صورتحال کے مطابق کھیلنے کا ہنر سیکھ لے۔

یاد رہے کہ عمر اکمل نے کیریئر کی ابتدائی 20 اننگز میں 820 رنز اسکور کیے تھے، گذشتہ 20 اننگز میں ان کا مجموعی سکور 410 رہا، سب سے بڑا ٹوٹل 55 تھا۔ گذشتہ روز وسیم اکرم بھی ان کے ناقدین کی فہرست میں شامل ہوگئے تھے، ان کا کہنا تھاکہ عمر اکمل کب ذمہ داری سے کھیلنا سیکھیں گے، انھیں عالمی کرکٹ میںکافی عرصہ ہوچکا، اب کھیل کے بارے میں سوچنے اور بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story