پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑی فائنل میں رسائی پر لاہور آنے کو تیار ہیں شاہدآفریدی

پشاور زلمی اور کراچی کنگز فائنل میں رسائی کے لیے آج مد مقابل ہوں گے

پشاور زلمی اور کراچی کنگز فائنل میں رسائی کے لیے آج مد مقابل ہوں گے۔ فوٹو؛ فائل

پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے کی صورت میں لاہور آکر کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کردی جس کی تصدیق شاہد آفریدی کی جانب سے کی گئی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے اختتامی میچ بھی اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جب کہ دوسری ٹیم کی فائنل میں رسائی کے لیے کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان آج جنگ چھڑے گی جس کی فاتح ٹیم لاہورمیں کوئٹہ سے فائنل میں دو دو ہاتھ کرے گی اور جیت کے بعد ٹرافی کی حقدار ہوگی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ فائنل کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی


پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر فائنلسٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیرملکی کھلاڑی کیون پیٹرسن، ٹائل ملز، لیوک رائٹ اور رائلی روسو لاہور آکر کھیلنے سے معذرت کرچکے ہیں لیکن پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ایک بڑا فیصلہ کرلیا۔

پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگر پشاور زلمی کراچی کنگز کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو اس کے تمام غیر ملکی کھلاڑی لاہور آکر کھیلنے کو تیار ہیں۔ شاہد آفریدی کی جانب سے اس خبر کو کرکٹ شائقین کے لیے ایک بڑی خوشخبری قرار دیا جارہا ہے لیکن دیکھنا یہ ہےکہ کل ہونے والے پلے آف کے آخری میچ میں کون سی ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرتی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو یونٹ سے باہر کردیا

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس کی ٹکٹیں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہورہی ہیں جب کہ فائنل کے لیے پنجاب حکومت نے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story