ہمیں چاہیے کہ محاذ آرائی کی منفی سیاست سے باہر نکل کر مثبت کردارادا کریں وزیراعظم

وزیراعظم نوازشریف نے شمالی وزیر ستان میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا دیا

وزیراعظم نوازشریف نے شمالی وزیر ستان میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا دیا، فوٹو؛ پی آئی ڈی

وزیراعظم نوازشریف نے کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا دیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ہمیں چاہیے کہ محاذ آرائی کی منفی سیاست سے باہر نکل کر مثبت کردار ادا کریں۔

کرم تنگی ڈیم کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ کرم تنگی ڈیم کاسنگ بنیادرکھ دیا ہے جس سے آیندہ کی نسلیں فائدہ اٹھائیں گی جب کہ خوف اور فساد کا ایک دور اپنے اختتام کو پہنچا اور آج نیا عہد شروع ہورہا ہے، بے یقینی ختم ہوکر امید کا چراغ روشن ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر دہشت گردوں کا قبضہ تھا لیکن اب معاملات پھر سے عوام کے ہاتھوں میں ہوں گے جب کہ شمالی وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں کا کام تبدیلی کی نئی نوید ہے۔گزشتہ 40 برسوں میں پاکستان میں ڈیم کے بڑے منصوبے شروع نہیں کئے گئے لیکن ہم نے بھاشا ڈیم کے لئے عملی قدم اٹھایا ہے اور مجھے امید ہے کہ بھاشا ڈیم پر کام مکمل ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن کے لیے بہت قربانیاں دینی پڑتی ہیں اس نئے دور کا آغاز اتنا آسان نہیں تھا اس کے لیے شمالی وزیرستان کے لوگوں اور پوری قوم نے بڑی قربانیاں دیں جب کہ پاک فوج سمیت دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کے جوان شہید ہوئے لیکن یہ قربانیاں رنگ لے آئیں، خطے اور پورے پاکستان کو فتنے سے نجات مل گئی اور یہ اسی وقت ہی ممکن ہوا جب تمام سیاسی جماعتیں اور قوم ملکر دہشت گردی کے خلاف ایک ہوئیں۔ ہمیں چاہیے کہ محاذ آرائی کی منفی سیاست سے باہر نکل کر مثبت کردار ادا کریں اور جب معاملہ پاکستان کے مفاد کا ہو ہمیں ایک دوسرے کا مددگار بننا چاہیے اور اب ہمیں ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے بعد اب ملک کی معاشی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔


وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ فاٹاکو پاکستان کے آئینی قانون میں شامل کرنے کے لیے کاوشیں کی جائیں گی اور ایف سی آر ختم کرکے نئی قانون سازی کی جائے گی جب کہ فاٹا کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، یہاں کالجز اور یونیورسٹیاں بنائی جائیں گی اور این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کا حصہ مخصوص کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ماضی کا قصہ بن جائے گی، نیلم جہلم منصوبہ 2018 کے شروع میں مکمل ہوجائے گا، ملک میں سڑکوں کا جال بچھ رہا ہے، آج کوئلے، ایل این جی، سولر اور ونڈ سے چلنے والے منصوبے پرکام ہورہا ہے، آج دنیا اعتراف کررہی ہے کہ پاکستان ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور سی پیک کے تحت منصوبے اپنی مثال آپ ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نے شمالی وزیر ستان میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزیر خواجہ آصف، وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے علاوہ مقامی عمائدین بھی موجود تھے۔

واضح رہے کرم تنگی ڈیم بنوں اور شمالی وزیرستان کے سنگم پر ہےجو دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا، پہلا مرحلہ 3 سال میں مکمل کیا جائے گا جب کہ ڈیم میں 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی اور اس کے علاوہ ڈیم سے ماحول دوست اور کم قیمت 83 میگا واٹ بجلی بھی پیدا کی جاسکے گی۔

Load Next Story