کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں وزیراعلیٰ پنجاب

عوام کی جانب سے کسی بھی قسم کی بدانتظامی کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی، شہبازشریف

عوام کی جانب سے کسی بھی طرح کی بدانتظامی کی شکایت نہیں ہونی چاہئے، شہبازشریف کی ہدایت: فوٹو: ٹویٹر

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج رات بہترین میچ کا منتظر ہوں اور تمام کھلاڑیوں و شائقین کرکٹ کو لاہور میں خوش آمدید کہتا ہوں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ایس ایل کے فائنل معرکے کے لئے حکومت پنجاب اور پی سی بی کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، سیکیورٹی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جب کہ عوام کو میچ کے دوران تمام سہولیات باہم پہنچانے کے لئے بھی وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

گزشتہ رات وزیراعلیٰ پنجاب نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ نے شائقین کے لئے اسٹیڈیم میں 22 نئے واٹر کولر لگا دیئے اور میدان کے باہر بھی 2 موبائل اسپتال پہنچ چکے ہیں، اس سے پہلے اسٹیڈیم کے اندر عارضی اسپتال قائم کیا گیا تھا۔ پارکنگ ایریا میں فلڈ لائٹس اور اسپیکر بھی نصب کر دیئے گئے ہیں جب کہ ایف سی کالج میں 2، برکت مارکیٹ میں 1 اور پی ایس آئی آر میں 1 عارضی بیت الخلا بنا دیا گیا ہے۔


اس خبرکوبھی پڑھیں:پی ایس ایل کا فاتح بننے کیلیے جنگ آج ہو گی، انتظامات مکمل

آج صبح ایک بار پھر وزیراعلیٰ پنجاب نے قذافی اسٹیڈیم میں جا کر سیکیورٹی انتظامات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا اور واٹرکولر لگانے اور باقی رہ جانے والے انتظامات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے کسی بھی طرح کی بدانتظامی کی شکایت نہیں ہونی چاہیئے اور اسٹیڈیم میں فائنل میچ دیکھنے والے ہر ایک تماشائی کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔



دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کو لاہور میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ اور آج رات ہونے والے بہترین مقابلے کا منتظر ہوں۔

 
Load Next Story