پاکستان آکر ہمیشہ اپنائیت کا احساس ہوا گلزار

دونوں ملکوں کو ثقافتی سطح پر ملکر کام کرنا چاہیے، بھارتی فلم ڈائریکٹر اور شاعر کی گفتگو

پاکستان میں جدید ادب اور شاعری پر تیزی سے کام ہورہا ہے اوریہ اچھا عمل ہے، گلزار فوٹو : فائل

بھارتی فلم ڈائریکٹر اور شاعر گلزار نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کو ثقافتی سطح پر ملکر کام کرنا چاہیے۔

علمی اور ثقافتی میدان میں دونوں ممالک کے عوام کے ذہن ملتے جلتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھارت سے نمایندہ ایکسپریس سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جدید ادب اور شاعری پر تیزی سے کام ہورہا ہے اوریہ اچھا عمل ہے۔ ہندوستان میں جب کبھی مشاعرے کی فضا بنتی ہے تو پاکستان کے شعرا ء کا نام ضرورلیا جاتا ہے۔


میں جب بھی پاکستان آیا تو مجھے اپنائیت کا احساس ہواوہاں کی عوام کام کرنے والوں سے محبت کرتے ہیں ہندوستانی فلم انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گلزار نے بتایا کہ ہندوستان فلم انڈسٹری سے وابستہ فنکار محنت سے کام کر رہے ہیں اور اپنے کام سے سچے ہیں فنکاروں کو دوران شوٹنگ زبان اور بیان کے استعمال کے بارے میں سمجھایا جاتا ہے۔



تاکہ ہمارا پیغام درست سمت میں پہنچے مجھے اردو سے حقیقی عشق ہے اس لیے کوشش ہوتی ہے کہ فنکاروں کا تلفظ بھی بہتر ہو یہ ہی وجہ ہے کہ ہماری ہر فلم کامیاب ہوتی ہے اور دنیا میں اس کے چرچے ہوتے ہیں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کو فلمی صنعت کی ترقی کے لیے ملکر کام کرنا چاہیے تاکہ ہمارے بچے دونوں ممالک کے کلچر زبان اور تہواروں سے قریب ہوسکیں کسی بھی ملک کا سفیر اس کا فنکارہوتا ہے اور اسی کے ذریعے بات دنیا بھر میں جاتی ہے۔
Load Next Story