پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی آج لاہور میں رونمائی

2012میں نمایاں کھیل پیش کرنے والوں کو ہفتے کے روز ایوارڈز سے نوازا جائے گا

تقریب میں سعید اجمل کو کر کٹر آف دی ایئر،اظہر علی کو ٹیسٹ اور ناصر جمشید کو ون ڈے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا جائے گا، ذرائع فوٹو: فائل

پی سی بی کے زیراہتمام پاکستان سپر لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی جمعرات کو لاہور میں ہوگی۔

چیئرمین ذکا اشرف مہمان خصوصی ہوں گے، لیگ24 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگی جس میں پانچ فرنچائز ٹیمیں حصہ لیں گی، بورڈ کے دنیا بھر کے ممتاز کھلاڑیوں سے رابطے جاری اور کئی نے شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ دوسری جانب ہفتے کو شیڈول پہلی ایوارڈ تقریب میں سال بھر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔




ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سعید اجمل کو کر کٹر آف دی ایئر،اظہر علی کو ٹیسٹ اور ناصر جمشید کو ون ڈے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا جائے گا، محمد حفیظ بیسٹ آل رائونڈر اور کامرا ن اکمل بہترین وکٹ کیپر ہوں گے، بھارت کو اسی کی سرزمین پر شکست دینے والی قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو بھی خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ کھلاڑیوں کو انعام کی مد میں پانچ، پانچ لاکھ روپے دیے جانے کا امکان ہے، بھارت میں فتح حاصل کرنے والے اسکواڈ کو بھی نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔
Load Next Story