بنگلور ٹیسٹ پجارا نے لرزتی بھارتی ٹیم کو سہارا دے دیا

میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 213 رنز جوڑکر مجموعی برتری 126 تک کرلی۔

میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 213 رنز جوڑکر مجموعی برتری 126 تک کرلی ۔ فوٹو اے پی

دوسرے ٹیسٹ میں چتیشور پجارا نے لرزتی بھارتی ٹیم کو سہارا دے دیا، تیسرے روزناقابل شکست 79 رنز بناکرٹوٹل 4 وکٹ پر 213 تک پہنچایا، 126 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی، دوسرے اینڈ پر اجنکیا راہنے 40 رنز کے ہمراہ ان کا ساتھ دے رہے ہیں، لوکیش راہول نے بھی 51 رنز بنائے۔ جوش ہیزل ووڈ نے 3 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے آسٹریلیا کی پہلی اننگز 276 رنز پر تمام ہوئی، میتھیو ویڈ کی ہمت 40 رنز پر جواب دے گئی، رویندرا جڈیجا نے 6 اور ایشون نے دو وکٹیں لیں۔

پہلی اننگز میں صرف 189 رنز پر آؤٹ ہونے والی بھارتی ٹیم کی جانب سے دوسری باری میں بھرپور فائٹ جاری اور وہ کافی حد تک سنبھل چکی ہے، اس بار بھی اوپننگ جوڑی زیادہ دیر تک کینگرو اٹیک کا ڈٹ کر سامنا نہیں کرپائی، ابھیناؤ مکنڈ 16 کے انفرادی اسکور پر ہیزل ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پہلی باری میں 90 رنز بنانے والے لوکیش اس بار بھی سنبھل کر کھیلے مگر ان کی اننگز کا 51 رنز پر اسٹیو اوکیف نے خاتمہ کردیا، سلپ میں موجود اسٹیون اسمتھ نے دائیں جانب چھلانگ لگاکر کیچ کو اپنے ہاتھوں میں محفوظ کیا۔ ویرات کوہلی مسلسل چوتھی اننگز میں ناکامی کا شکار ہوئے، اس بار ان کا کھاتہ 15 رنز پر جوش ہیزل ووڈنے بند کیا، ایل بی ڈبلیو کے فیصلے کے خلاف کوہلی کا ریویو لینا بھی کام نہ آیا۔120 کے مجموعے پر چوتھی وکٹ گری جب ہیزل ووڈ نے رویندرا جڈیجا کو صرف 2 رنز پر چلتا کردیا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں :آسٹریلیا کو بھارت پر برتری حاصل

جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو بھارت نے 4 وکٹ پر 213 رنز بنالیے تھے جس سے اس کی برتری 126 رنز ہوگئی تھی، پجارا 79 اور راہنے 40 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔ ہیزل ووڈ نے تین وکٹیں لیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے دن کا آغاز 237 رنز 6 وکٹ سے کیا۔ میتھیو ویڈ اور مچل اسٹارک نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا مگر جلد ہی یہ اوور نائٹ جوڑی ٹوٹ گئی، اسٹاکر کو 26 کے انفرادی اسکور پر ایشون نے جڈیجا کی مدد سے میدان بدر کیا، ویڈ کو جڈیجا نے 40 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ ناتھن لیون 4 اور ہیزل ووڈ 1 بھی جڈیجا کی ہی وکٹ ثابت ہوئے، اس طرح پوری ٹیم 276 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جڈیجا نے 6 اور ایشون نے دو وکٹیں لیں۔
Load Next Story