رواں ماہ خواتین کیلیے ٹیکسی سروس شروع کرنے کا اعلان

نجی شعبے کے تحت خواتین کے عالمی دن پر پیکسی ٹیکسی سروس کا اعلان ہوگا۔

آغاز 10ٹیکسیوں سے کیا جائے گا، بکنگ آن کال اور ویب ایپ سے کی جاسکے گی۔ فوٹو: فائل

نجی شعبہ خواتین کو سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے متحرک ہوگیا، کراچی میں خواتین کے لیے مخصوص ملک کی پہلی ٹیکسی سروس رواں ماہ متعارف کرادی جائے گی۔

کراچی سرکلر ٹرین، ٹرام، ڈبل ڈیکر بسیں اور روشنیوں کا شہر اب چنگ چی، بے ہنگم ٹریفک اور چھت ڈیکربسوں کا شہر بن چکا ہے، شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام فرسودہ ہوچکا ہے۔ بس اسٹاپس میں بسوںکی قلت کے باعث شہریوں بالخصوص خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسی صورتحال کے تناظر میں شہر قائد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے فرسودہ نظام کے باعث نجی شعبہ عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک ہوگیا،اسی طرح شہر میں نجی شعبہ کے تحت ملازمت پیشہ خواتین اورطالبات کے سفر کوآسان اور تحفظ سے بھرپور بنانے کیلیے پیکسی ٹیکسی(Paxi Taxi) سروس رواں ماہ متعارف کرائی جارہی ہے تاہم اس سروس کا آغاز 10 ٹیکسیوں سے کیا جائے گا۔


خواتین کے لیے چلائی جانے والی ٹیکسیوں کا رنگ گلابی ہوگا جس کوصرف خواتین چلائیں گی اور صرف خواتین مسافر ہی سفر کریں گی۔ مذکورہ سروس کی باآسانی بکنگ آن کال اور ویب ایپ کے ذریعے کی جاسکے گی۔ اس سروس کو شہر میں کامیاب سروس بنانے کے بعد ملک گیر سطح پر گلابی ٹیکسیوں کا جال بچھایا جائے گا۔

دوسری جانب خواتین کا کہنا ہے کہ بس اسٹاپس میں بسوں کی قلت کے باعث خواتین کوگھنٹوں تک گاڑیوں کا انتظارکرنے کے باوجود سفر کیلیے مطلوبہ گاڑی بہ مشکل ہی ملتی ہے جس کی وجہ سے ایک سے زائدگاڑیوں کے استعمال کے ذریعے یاپھر رکشا ڈرائیورزکو منہ مانگے کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے تاہم مذکورہ اسکیم خواتین کے سفر کو آسان بنانے کا ذریعہ ثابت ہوگی اور خواتین ڈرائیور کے ہمراہ دوران سفروہ خود کو محفوظ تصورکریں گی اور اہل واعیال کی جانب سے بھی تنقید نہیں کی جائے گی۔
Load Next Story