کراچی کا علاقہ گلستان جوہر تجاوزات کے خلاف آپریشن پر میدان جنگ بن گیا

مظاہرین نے انتظامیہ پر ڈنڈوں اور پتھروں کا آزانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے

مظاہرین نے انتظامیہ پر ڈنڈوں اور پتھروں کا آزانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے :فوٹو : ایکسپریس


کراچی: گلستان جوہر صالح محمد گوٹھ میں تجاوزات کے خاتمے پر اہل علاقہ اور انتظامیہ میں شدید جھڑپ کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی گلستان جوہر کے علاقے صالح محمد گوٹھ میں سرکلر ریلوے کی زمین پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے جب انتظامیہ نے آپریشن شروع کیا تو علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور مظاہرین نے ڈسٹرکٹ پولیس اور محکمہ انکروچمنٹ کے اہلکاروں پر دھاوا بول دیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں ملیر15 کا علاقہ میدان جنگ بن گیا

مظاہرین نے انتظامیہ پر ڈنڈوں اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے باعث متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقعے کے 2 گھنٹے کے بعد مقامی پولیس پہنچی اورمظاہرین کی جانب پیش قدمی کی تو بیشتر افراد گلیوں میں چلے گئے جب کہ بعض نے پتھراؤ بھی کیا جس پر پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج شروع کردیا ، پولیس اور مظاہرین کے درمیان وقفے وقفے سے آنکھ مچولی جاری رہی پولیس نے متعدد افراد کو گرفتارکرلیا جب کہ محکمہ انکروچمنٹ کو کارروائی سے روک کر اہل علاقہ کا احتجاج ختم کرا دیا۔

Load Next Story