لانگ مارچ میں ہر صورت شرکت کی جائے گی الطاف حسین

ایم کیو ایم نہ تو سندھ کی تقسیم چاہتی ہے اورنہ ہی صوبہ،بلدیاتی نظام پر اتفاق نہ ہوا تو سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگے گا

ایم کیو ایم ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو حقیقتاً جمہوریت پسند اور جمہوریت کی رو کے مطابق ملک میں اس کا نفاذ چاہتی ہے، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطف حسین نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے لانگ مارچ میں ہر صورت شرکت کی جائے گی

کراچی میں لال قلعہ گراؤنڈ میں اپنے سیاسی ڈرون کئے جانے والے بیان کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ دھمکی دی جاتی ہے لانگ مارچ میں شرکت کی تو گورنر کو ہٹادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت سے کہتا ہوں کہ گورنر کو کل ہٹانے کے بجائے آج ہی ہٹادیا جائے۔


ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ جمہوریت کی نرسری بلدیاتی نظام ہے مگر ملک میں جمہوری حکومتیں ہی بلدیاتی انتخابات کرانے سے قاصر رہتی ہیں۔ ایم کیو ایم نہ تو سندھ کی تقسیم چاہتی ہے اورنہ ہی اردو بولنے والوں کے لئے علیحدہ صوبہ مگر بلدیاتی نظام پر اتفاق نہ ہوا تو سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ طاہرالقادری اور الطاف حسین دہری شہریت رکھتے ہیں اگر بینظیر بھٹو اور نوازشریف برسوں باہر رہیں تو وہ جائز ہے اور اگر کوئی کسی ملک کی شہریت مجبوراً حاصل کرے تو اس کی حب الوطنی مشکوک ہوجائے۔

الطاف حسین نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے پاس برطانوی پاسپورٹ تھا اورانہوں نے گورنرجنرل پاکستان کا انگریزی میں جو حلف اٹھایا اس کا متن تھا'' میں حلف اٹھاتا ہوں کہ تاج برطانیہ کا وفاداررہوں گا''۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم پرکوئی یہ الزام لگاسکتا ہے کہ انہوں نے یہ حلف گورنرجنرلی کے لئے اٹھایا تھا۔قائداعظم نے ایک اچھے مقصد کے لئے اس قسم کا حلف اٹھایا۔

ایم کیوایم کےقائد نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو حقیقتاً جمہوریت پسند اور جمہوریت کی رو کے مطابق ملک میں اس کا نفاذ چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ ایک طرف تو ایم کیو ایم جاگیرداروں کے خلاف ہے اور دوسری طرف ان ہی لوگوں کے ساتھ اقتدار میں شامل ہوتی ہے، مجبوری یہ کہ یہی لوگ پارلیمنٹ میں آتے ہیں تو پھر ان ہی کے ساتھ بیٹھنا بھی ہوتا ہے۔
Load Next Story