سڈنی ٹینس ٹومک نے جارکونیمنین کا قصہ تمام کردیا

اینڈرسن 9 برس بعد سیمی فائنل میں رسائی پانے والے پہلے جنوبی افریقی بن گئے۔

سڈنی انٹرنیشنل ٹینس :اطالوی کھلاڑی آندریس سیپی کا اسپینش حریف مارسیل کے خلا ف شاٹ۔ فوٹو : اے ایف پی

سڈنی انٹرنیشنل ٹینس میں نوجوان آسٹریلین برنارڈ ٹومک نے دفاعی چیمپئن جارکو نیمنین کا قصہ تمام کردیا۔

سیمی فائنل میں رسائی کے بعد اب ان کی کیریئر کے پہلے اے ٹی پی ٹائٹل سے صرف دو قدم کی دوری رہ گئی، انھوں نے کوارٹر فائنل میں جارکو کے خلاف پہلے سیٹ میں خسارے کے بعد تجربہ کار حریف پر 6-7 (6/8)، 6-4 اور 6-2 سے غلبہ پایا، اب ان کا مقابلہ جمعے کو اٹلی کے تھرڈ سیڈ آندریس سیپی یا پھر اسپین کے 8 سیڈ مارسیل گرینولر سے ہوگا۔ ٹومک اس سے قبل صرف ایک مرتبہ کسی ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرپائے جب گذشتہ برس جنوری میں برسبین ایونٹ میں اینڈی مرے نے انھیں شکست سے دوچار کیا تھا۔

جمعرات کی صبح طویل القامت کیون اینڈرسن نے سڈنی ایونٹ کے سیمی فائنل میں 9 برس بعد رسائی پانے والے پہلے جنوبی افریقی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا، انھوں نے ازبک کھلاڑی ڈینس اسٹومن کو 84 منٹ میں 6-4 اور 6-3 سے قابو کیا، اب ان کا مقابلہ گذشتہ برس کے فائنلسٹ جولین بینیٹوسے ہوگا، آخری مرتبہ اس ایونٹ کا سیمی فائنل کھیلنے والے جنوبی افریقی پلیئر وین فریرا تھے۔ بنیٹو نے امریکن کوالیفائر ریان ہیریسن کو 6-4 اور 6-2 سے ٹھکانے لگایا۔




سڈنی انٹرنیشنل کے ویمنز ایونٹ میں اگنیسکا ریڈوانسکا کا فاتحانہ سفر جاری ہے، انھوں نے 2011 کی فاتح چینی اسٹار لینا کے خلاف ایک گھنٹے اور 32 منٹ کی جدوجہد کے بعد 6-3 اور 6-4 سے کامیابی حاصل کی، اب ان کا جمعے کے روز فائنل میں سلواکیہ کی ڈومنیکا سبلکووا سے ٹکرائو ہوگا،جنھوں نے سیمی فائنل میں اینجلک کیربیر کو 6-2، 4-6 اور 6-3 سے شکست دی، وہ سڈنی فائنل میں پہنچنے والی 6 برس میں پہلی ان سیڈڈ پلیئر ہیں، اب اگر وہ ٹائٹل جیت لیتی ہیں تو رینکنگ میں 14 سے 13 نمبر پر پہنچ جائیں گی، ان کا گذشتہ پانچ برس سے ریڈوانسکا سے کوئی مقابلہ نہیں ہوا۔

اس سے قبل ہونے والے تینوں باہمی مقابلوں میں انھیں شکست ہوئی تھی۔ ادھر نیوزی لینڈ میں جاری آکلینڈ اوپن میں ڈیوڈ فیرر نے لوکاس لاکو کو 6-2 اور 6-1 سے مات دے دی، اب ان کا سامنا سیمی فائنل میں جرمنی کے ٹومی ہاس یا فرنچ وائلڈ کارڈ گیل مونفیلز سے ہوگا۔ ٹوماس بریڈچ کو آسٹریلیا کے سابق ورلڈ نمبر ون لیٹن ہیوٹ نے 6-3 اور 6-2 سے مات دے دی۔

Recommended Stories

Load Next Story