ایتھوپیا کے دارالحکومت میں کچرے کے ڈھیر تلے دب کر 35 افراد ہلاک

کچرے کو ہموار کرنے کے دوران اس کا ایک بڑا حصہ قریبی آبادی پر جا گرا،حکام

گزشتہ سال متاثرہ افراد کو علاقہ خالی کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے، حکام۔ فوٹو: واشنگٹن پوسٹ

ایتھوپیا کے دارالحکومت کے نواح میں کچرے کے ڈھیر تلے دب کر 35 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔


غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایتھوپیا دارالحکومت عدیس ابابا کے نواحی علاقے میں بلڈوزر کی مدد سے کچرے کو ہموار کرنے کے دوران کچرے کا بہت بڑا حصہ نیچے گھروں پر آگرا جس کے نتیجے میں درجنوں گھر دبنے سے 35 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق گزشتہ 40 سال سے شہر بھر کا کچرا کوشی کے علاقے میں جمع کیا جارہا تھا جہاں لوگوں نے کچرے کے قریب مکانات تعمیر کرلئے تھے جب کہ کچرے کو ہموار کرنے کے دوران ایک بڑا حصہ آبادی پر جاگرا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ کوڑے کے ڈھیر کی جگہ گھاس لگانے کے لئے زمین ہموار کی جارہی تھی کہ اس دوران کچہرے کا ڈھیر مکانات پر گرا جب کہ گزشتہ 2 سے 3 سال کے دوران کچرے کے گرد لوگوں نے مکانات تعمیر کئے۔ حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال متاثرہ افراد کو علاقہ خالی کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے جس کے باوجود لوگوں نے جگہ خالی نہیں کی اور ترقیاتی کام کے دوران افسوسناک سانحہ پیش آیا۔
Load Next Story