محمد عرفان نے بکی سے ملاقات کا اعتراف کرلیا

ذہنی تناؤ کا شکار تھا اس لیے بکی کی جانب سے رابطے کی اطلاع پی سی بی کو نہیں کرسکا،محمد عرفان

ذہنی تناؤ کا شکار تھا اس لیے بکی کی جانب سے رابطے کی اطلاع پی سی بی کو نہیں کرسکا،محمد عرفان ۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ میں اسکینڈل کی زد میں آنے والے فاسٹ بالر محمد عرفان نے بکی سے ملاقات کا اعتراف کرلیا۔

طویل قامت پیسر نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے ڈیڑھ گھنٹے کی باز پرس کے بعد اپنا ویڈیو بیان ریکارڈ کرادیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ والدہ کے انتقال کی وجہ سے گزشتہ 3 ماہ سے ذہنی تناؤ کا شکار تھا اس لیے بکی کی جانب سے رابطے کی اطلاع پی سی بی کو نہیں کرسکا تاہم اسپاٹ فکسنگ یا کسی قسم کی ڈیل نہیں کی۔ محمد عرفان کے بیان ریکارڈ کرانے کے بعد شاہ زیب حسن منگل کو اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہونگے اور دونوں کھلاڑیوں کے بیانات ریکارڈ کیے جانے کے بعد نوٹس آف چارج دینے کا فیصلہ ہو گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :فاسٹ بولر محمد عرفان کی والدہ انتقال کر گئیں


دوسری جانب چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ محمد عرفان سے تحقیقات جاری ہیں، طویل قامت پیسر مسلسل پی ایس ایل کے میچز کھیلتے رہے اب ان کے گرد گھیرا تنگ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کرکٹر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پایا گیا تو سمجھو اس کا کیریئر ختم ہوا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی اپنا کیرئیر ختم سمجھیں

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل کرکٹر شرجیل خان اور خالد لطیف کو پی سی بی چارج شیٹ جاری کرچکا ہے تاہم دونوں کرکٹرز نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے جب کہ پی ایس ایل کے دوران محمد عرفان، شاہ زیب اور ذوالفقار بابر سے بھی تفتیش کی گئی تھی اور ان کے موبائل فون ضبط کر لیے گئے تھے۔

 
Load Next Story