اقتصادی راہداری اور گوادر ملکی ترقی کیلئے گیم چینجر ہیں وزیراعظم

پاکستان ایک بار پھر ایشین ٹائیگر اور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا،وزیراعظم کا گوادر میں جلسے سے خطاب

ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کر رہے ہیں، وزیراعظم، فوٹو؛ آئی این پی

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ گودار کو مثالی بندر گاہ بنانا میرا دیرینہ خواب تھا اور سی پیک اور گوادر ملکی ترقی کیلئے گیم چینجر ہیں۔

گوادرمیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے علاوہ کسی بھی حکومت نے بلوچستان پر توجہ نہیں دی لیکن ہم نے سب سے پہلے بلوچستان اور گوادر پر توجہ دی، آج پورے بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے جو اسے ملک کے دیگر حصوں سے جوڑتا ہوا چین سے ملا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کبھی دہشت گردی تھی اب وہاں ترقی ہو رہی ہے، سڑکیں ہوتی ہیں تو اسکول، اسپتال اوریونی ورسٹیاں بنتی ہیں اورخوشی ہے کہ گوادر میں ترقی ہو رہی ہے، گوادر کی ترقی میں یہاں کے مقامی لوگوں کو بھی حصہ ملنا چاہیئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: سی پیک پر مغربی دنیا کی سازش نظر آ رہی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ گوادر کو مثالی بندرگاہ بنانا میری دیرینہ خواہش تھی اور آج گوادر میں ترقی دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر ملکی ترقی کے لئے گیم چینجر ہیں، پاکستان ایک بار پھر ایشین ٹائیگر اور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: سی پیک؛ ایک خواب کا شرمندۂ تعبیر ہونا


وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ گوادر پر میری خصوصی توجہ اور اسے ایک مثالی ضلع بنایا جائے گا، یہاں پر ایک عمدہ یونی ورسٹی بنائی جائے گی جہاں ملک کے دیگر شہروں سے بھی طلبا تعلیم کے حصول کے لئے آئیں گے اور یونی ورسٹی کے لئے 500 ایکڑ جگہ بھی خرید لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے گوادر میں 300 بستروں کا اسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہیلتھ کارڈ بھی جاری کئے جائیں گے۔

قبل ازیں گوادر میں مسلم لیگ (ن) مکران، بولان اور چاغی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کارکن ہمارا سرمایہ ہیں اور ان سے مل کر بہت خوشی ہوتی ہے، کارکنوں کا خیال رکھنا ہمارا فر ض ہے، کارکنوں کو مضبوط کرنے سے پارٹی مضبوط ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور صوبے کے مفاد میں کام کر رہے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: اسلام مذہب کی جبری تبدیلی کو جرم قرار دیتا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی سب سے زیادہ توجہ گوادر کی طرف ہے، گوادر اب آگے جا رہا ہے، ترقی کا سفر چل نکلا، چند سال میں یہاں خوشحالی آئے گی اور ایک دن پورے صوبے سے بے روزگاری ختم ہو جائے گی۔ گوادر میں اسکول، کالجز اور اسپتال بنائیں گے، ترقی کا زینہ شاہرائیں ہیں اور اِن سے ہی ترقی آئے گی، سڑکوں سے ہی زراعت ترقی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند سال پہلے یہاں دہشت گردی تھی لیکن اب اللہ کے فضل سے بہتری آئی ہے، گزشتہ روز پسنی سے گوادر 150 کلومیٹر کا سفر سڑک کے ذریعے طے گیا جو سونے پہ سہاگہ ہے، ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کر رہے ہیں، ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم کر دیں گے اور عوام کو سستی بجلی فراہم کریں گے۔

Load Next Story