اگنیسکا ریڈوانسکا نے سڈنی ٹینس ٹائٹل پر قبضہ جمالیا

ڈومینکا سبولکووا ناکام، مینز فائنل میں برنارڈ ٹومک کا آج اینڈرسن سے مقابلہ ہوگا۔

ورلڈ نمبر فور نے سلواکین حریف کو 6-0,6-0 سے زیر کرتے ہوئے کیریئر کا 12 واں سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فوٹو : اے ایف پی

اگنیسکا ریڈوانسکا نے ڈومینکا سبولکووا کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے سڈنی انٹرنیشنل ٹینس ٹائٹل پر قبضہ جمالیا۔

پولینڈ کی اسٹار پلیئر نے نئے سال کے آغاز میں ہی مسلسل9 ویں فتح کے ساتھ سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں حریفوں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، ورلڈ نمبر فور نے سلواکین حریف کو 6-0,6-0 سے زیر کرتے ہوئے کیریئر کا 12 واں سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا، انھوں نے گزشتہ ہفتے بیلجیئم کی یانیا وکمائر کو فائنل میں مات دیتے ہوئے آکلینڈ کلاسک ٹائٹل بھی پایا تھا۔

دوسری طرف مینز فائنل میں برنارڈ ٹومک اپنے پہلے اے ٹی پی ٹائنل کیلیے پر اُمید ہیں، نوجوان آسٹریلوی کھلاڑی نے سیمی فائنل میں تھرڈ سیڈ اطالوی آندریس سپی کو 7-7,(12/10),6-4 سے مات دی، فیصلہ کن معرکے میں ان کا سامنا ہفتے کو کیون اینڈرسن سے ہوگا۔




36 سیڈ پلیئر نے فرنچ جولین بینیٹیو کو 3-6, 6-4, 7-6 سے شکست دے کر سڈنی انٹرنیشنل فائنل کھیلنے والے پہلے جنوبی افریقی ہونے کا اعزاز حاصل کیا، جیت کی صورت میں برنارڈ 2005ء کے بعد ٹائٹل اپنے نام کرنے والے پہلے آسٹریلوی بن سکتے ہیں، اس سے قبل یہ اعزاز لیٹن ہیوٹ نے حاصل کیا تھا۔

دوسری طرف ہوبارٹ ٹینس میں جرمن مونا بارتھل کو ہوبارٹ ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلیے فائنل میں روسی ایلینا ویسنینا کو ہرانا ہو گا، گذشتہ روز 9 سیڈ جرمن پلیئر نے بیلجیئم کی کرسٹیان فلپکنز کو 6-4,6-4 سے ہرا دیا، 7 سال سے ٹاپ 100 میں موجود رہنے کے باوجود ٹائٹل سے محروم ویسینا نے امریکی سیلون اسٹیفنز کو زیر کرکے چھٹے فائنل تک رسائی حاصل کی۔
Load Next Story