مردم و خانہ شماری میں پینسل سے فارم بھرنے پر فوری ایکشن ہوگا چیف کمشنر شماریات

کل سے ملک بھر میں مردم شماری شروع کریں گے اور جہاں خانہ شماری نہیں ہوئی وہ بھی جاری رہے گی، آصف باجوہ

کل سے ملک بھر میں مردم شماری شروع کریں گے اور جہاں خانہ شماری نہیں ہوئی وہ بھی جاری رہے گی، آصف باجوہ، فوٹو؛ فائل

چیف کمشنر شماریات آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ فارم پینسل سے نہیں بال پین یا مارکر سے پُرکریں اور ہم نے عملے کے کسی رکن کو پینسل نہیں دی جب کہ پینسل سے فارم پُر کرنے کی شکایت پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف کمشنر شماریات آصف باجوہ نے کہا کہ 63 اضلاع میں خانہ شماری کا عمل آج مکمل ہوجائے گا اور کل 18 مارچ سے پاکستان بھر میں مردم شماری شروع ہوگی جب کہ جن مقامات پر خانہ شماری مکمل نہیں ہوئی وہاں خانہ شماری کا کام جاری رہے گا اور دوسری ٹیمیں وہاں کام کریں گی تاہم خانہ شماری کا ڈیٹا اب تک نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی تحصیل یا ضلع میں ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر نہیں جب کہ 63 اضلاع کی خانہ شماری کا تمام ڈیٹا ابھی شمار کنندہ کے پاس ہے جو اسلام آباد بھیجا جائے گا۔


چیف کمشنر شماریات کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مردم شماری کا کوئی خفیہ ڈیٹا نہیں اور نہ ڈیٹا کہیں سے آیا ہے، مردم شماری میں ملک میں موجود تمام افراد کو شمار کرنا ہے اور اس کے نتائج میں غیرملکیوں کے اعدادو شمار الگ ہوں گے، تمام خاندانوں کا الگ الگ اندراج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ فارم پینسل سے نہیں بال پین یا مارکر سے پُرکریں اور ہم نے عملے کے کسی رکن کو پینسل نہیں دی جب کہ پینسل سے فارم پُر کرنے کی شکایت پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ خانہ شماری عملے کے زبردستی گھرمیں گھسنے کی بھی شکایت آئی تھیں مگر مردم شماری کا عملہ گھر کے اندر داخل نہیں ہوگا، گیٹ پر رہے گا، ہمارے پاس 10 فیصد تربیت یافتہ عملہ دستیاب ہے جنہیں بھجوا رہے ہیں اور عملے نے سبزرنگ کی جیکٹ پہنی ہے جن کے پاس کارڈ بھی موجود ہے، عملے کے ساتھ فوجی اور پولیس اہلکار ہوگا۔

چیف کمشنر شماریات نے کہا کہ جہاں سے بلاک بڑے ہونے کی شکایت آئی ہے وہاں بھی عملہ بھیج رہے ہیں جب کہ یہ بھی شکایات آئیں کہ عمارتوں میں ہر اپارٹمنٹس کے نمبر پورے نہیں لگائے گئے لیکن وضع طریقے کے مطابق عمارت میں مختلف اپارٹمنٹ ہیں تو ہر گھر کا علیحدہ نمبر ہوگا، اگر ایک عمارت میں ایک ہی خاندان موجود ہے تو اس میں ایک ہی نمبر لگا یا جائے گا، گراؤنڈ پلس 2 ایک گھر ہے کثیرالمنزلہ عمارت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ ہے مردم شماری کاخرچ وفاق، صوبوں میں تقسیم ہوگا۔
Load Next Story