پنجاب یونیورسٹی لاہورمیں دو طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم متعدد افراد زخمی

یونیورسٹی میں ایک تنظیم نے ثقافتی فیسٹیول کا اہتمام کررکھا تھا کہ دوسری تنظیم نے دھاوا بول کر کیمپ کو آگ لگادی

پولیس کی بھاری نفری یونیورسٹی کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کردی گئی ہے فوٹو: سوشل میڈیا

پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق جامعہ پنجاب کے شعبہ آئی آرڈیپارٹمنٹ میں طلبا کی جانب سے پختون کلچر ڈے منایا جارہا تھا جب کہ اسلامی جمعیت طلبا نے مقابلے میں فیصل آڈیٹوریم کے سامنے اپنا الگ کیمپ لگالیا، اسی دوران آئی آرکے طلبا اورجمعیت کے درمیان نعرے بازی شروع ہوگئی اوربات بڑھ کرتصادم تک پہنچ گئی۔ دونوں تنظیموں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پرپتھراؤکردیا۔ اسی دوران ایک تنظیم نے دوسری تنظیم کا کیمپ جلا دیا جس سے صورت حال مزید کشیدہ ہوگئی اورجامعہ پنجاب کے مختلف شعبے میدان جنگ بن گئے۔


صورت حال قابو سے باہرہونے پر پنجاب یونیورسٹی کے انتظامیہ نے پولیس کوطلب کرلیا جس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کرکے طلبا کو منتشرکردیا ۔ دوسری جانب طلبا نے واقعے پراحتجاج کرتے ہوئے روایتی پشتون رقص کیا۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں صورت حال معمول پرآگئی ہے، واقعے میں ملوث طالب علموں کے خلاف کارروائی ہوگی اوراس کے لیے پولیس کو درخواست دے دی گئی ہے۔
Load Next Story