بانی ایم کیوایم سے متعلق پاکستان کی تشویش کوسمجھ سکتے ہیں برطانوی وزیر داخلہ

بانی ایم کیوایم پر کیسز میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، امبر رُوڈ

بانی ایم کیوایم پر کیسز میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، امبر رُوڈ، فوٹو؛ پی آئی ڈی

برطانوی وزیر داخلہ امبر رُوڈ نے کہا ہے کہ ان کا ملک بانی ایم کیو ایم سے متعلق پاکستان کی تشویش کو سمجھ سکتا ہے۔

اسلام آباد میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی ہم منصب امبررُوڈ نے ملاقات کی دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال گیا جب کہ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ برطانوی ہم منصب سے خوش گوار ماحول میں بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک نے باہمی مسائل کے حل پر اتفاق کیا ہے۔


وزیرداخلہ نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی 2 یاد داشتوں پر بھی دستخط ہوئے، برطانیہ اور پاکستان کی وزارت داخلہ میں باہمی بات چیت، سیکیورٹی اورانسداد دہشت گردی سمیت منشیات کی روک تھام پربھی بات ہوئی جب کہ برطانیہ کے ساتھ امیگریشن کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے پاکستان کے مستحکم تعلقات ہیں تاہم اپنی قانونی پابندیوں میں رہ کر برطانیہ کے ساتھ بانی ایم کیوایم کامعاملہ اٹھارہے ہیں۔

برطانوی وزیرداخلہ امبرروڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری آرہی ہے، پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی بھی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار سے الطاف حسین کی غیرقانونی سرگرمیوں پر بھی بات ہوئی اور بانی ایم کیوایم کے معاملے پر پاکستان کے تحفظات کودیکھ رہے ہیں۔ بانی ایم کیوایم پر کیسز میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، یہ پولیس اور سی پی ایس کا معاملہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ ٹھیک اقدامات کریں گے ۔
Load Next Story