صومالیہ میں یرغمالی فرانسیسی کی رہائی کیلیے آپریشن ناکام متعدد ہلاک

مغوی 2009 سے یرغمال ہے، کارروائی میں 17 اسلامی شدت پسند مارے گئے۔

مجاہدین نے فرانس کے نام نہاد کمانڈوز کو بری طرح شکست دی ہے، کمانڈر تنظیم شباب. فوٹو: اے ایف پی

صومالیہ میں فرانسیسی شخص کی بازیابی کیلیے فرانس کی فوج کا آپریشن ناکام ہوگیا۔

پیرس میں سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ اغوا کنندگان سے خونی جھڑپ میں کم از کم ایک فرانسیسی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے جبکہ 17 اسلامی شدت پسند مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان نے مذکورہ شخص کو 2009 سے یرغمال بناکر رکھا ہوا ہے۔ فرانس کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ اشارے مل رہے ہیں کہ مغوی شخص ایلکس یرغمالیوں کے ہاتھوں مارا جاچکا ہے۔ دوسری جانب شدت پسند پارٹی شباب کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ فرانسیسی کو ہم نے نہیں مارا، اس کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ دو دنوں میں ہوجائے گا۔




وہ بہرحال فرانسیسی ہے اور اسے اپنی حکومت کی غلط پالیسیوں اور ہمارے ساتھ روا رکھے جانیوالے ظلم و ستم کا جواب دینا ہو گا۔ فرانسیسی سیکیورٹی حکام کے مطابق کارروائی دارالحکومت موغا دیشو سے 110 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر بلومیرر Bulomarer میں کی گئی۔ شباب تنظیم کے مقامی کمانڈر شیخ محمد عبداللہ نے بتایا کہ مجاہدین نے فرانس کے نام نہاد کمانڈوز کو بری طرح شکست دی ہے اور وہ اپنے کئی ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر بھاگے ہیں۔ ایک زخمی فرانسیسی فوجی بھی اب ہمارے قبضے میں ہے۔
Load Next Story