اقبال پارک لاہور میں پولیس نے شہری کو گھر والوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بناڈالا

بے گناہ شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے اہلکاروں میں ایک ڈی ایس پی بھی شامل تھا

شہری زبردستی پارک میں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا، پولیس کا موقف۔ فوٹو : ایکسپریس

اقبال پارک میں ڈی ایس پی کی سرکردگی میں پولیس اہلکاروں نے ایک شہری کو اس کے گھر والوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنادیا۔

ایکسپریس نیوز کو ملنے والی وڈیو میں صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص یوم پاکستان کی تقریب دیکھنے گریٹر اقبال پارک میں گیٹ 3 سے داخل ہوا لیکن کچھ ہی دیر بعد بادامی باغ سرکل کے ڈی ایس پی شمس الحق درانی اور دیگر پولیس اہلکار گریٹر اقبال پارک آنے والے شہری کو گریبان سے پکڑ کر پارک سے باہر لے گئے اور پھر تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران اس شخص کا کم سن بیٹا مسلسل ڈی ایس پی کی منتیں کرتا رہا لیکن پولیس والوں نے اس بچے کی ایک بھی نہیں سنی۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنیوالے نوجوان پر پولیس کا تشدد

دوسری جانب پولیس واقعے کی تفتیش کے بجائے اس بات پر مصر ہے کہ مذکورہ شخص زبردستی پارک میں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا جب کہ شہری کا کہنا ہے کہ وہ اکیلا نہیں تھا بلکہ اس کے ساتھ گھر والے بھی تھے اس لیے پارک میں زبردستی کیوں داخل ہوتا۔

Load Next Story