بدترین لوڈشیڈنگ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں احتجاج درجنوں مظاہرین زخمی

ملتان، کالا شاہ کاکو، پشاور، صوابی و دیگر شہروں میں واپڈا دفاتر پر حملے، سامان جلادیا.

واہ کینٹ کے قریب جی ٹی روڈ پر لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام نے احتجاج کے دوران ٹرک کا شیشہ توڑ دیا اورڈرائیور کوتشدد کا نشانہ بنارہے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

طلب اور رسد میں5ہزار میگاواٹ سے زائد کے فرق کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 22گھنٹے تک پہنچ گیا جس کیخلاف لاہور، پشاور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں پرتشدد احتجاج کا سلسلہ جاری رہا، واپڈا دفاتر اور گرڈسٹیشنوں پر حملے کیے گئے جس سے پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں افراد زخمی ہوگئے، دوسری جانب صدر نے بحران کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آج اجلاس طلب کر لیا، کالا شاہ کاکو میں سیکڑوں شہریوں نے جی ٹی روڈ بلاک کردی۔

گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی، مشتعل مظاہرین نے گرڈ اسٹیشن کا گھیرائو کیا، اس دوران 3 تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس اور مظاہرین میں زبردست جھڑپیں ہوئیں جس سے جی ٹی روڈ میدان جنگ بن گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے لاٹھی چارج اور فائرنگ کی جس سے5سالہ بچے یاسر اور خاتون بلقیس سمیت6افراد زخمی ہوگئے، اس پر مظاہرین بپھر گئے اور انھوں نے پولیس پر پتھرائو شروع کر دیا جس سے چوکی انچارج سمیت10اہلکار زخمی ہوگئے۔

مظاہرین نے پولیس کی گاڑی اور پٹرولنگ اسکواڈ کی دو موٹر سائیکلوں کوبھی جلا دیا جبکہ کئی اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔ 500 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ زخمی بچے کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔لاہور میں سنت نگر' چوبرجی ' کاہنہ اور وحدت کالونی کے رہائشیوں نے مظاہرے کیے۔ دھرمپورہ میں شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر انوکھا احتجاج کیا۔ شاہدرہ میں شہریوں نے مین روڈ بلاک کر کے ٹائروں کو آگ لگا دی۔ ملتان میں شہریوں نے میپکو سب ڈویژن آفس پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور سامان چوک میں رکھ کر جلا دیا۔

کئی اہلکاروں کو شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا جبکہ میپکو کے ٹرک سمیت کئی گاڑیوں کی بھی توڑ پھوڑ کی، شہر کے دیگر مقامات پر بھی مظاہرے کیے گئے، ساہیوال کے نواحی علاقے یوسف والا میں ڈنڈا بردار دیہاتی سڑکوں پر آگئے اور ٹائر جلا کر لاہور ملتان روڈ بلاک کردی۔ شیخوپورہ میں شہریوں نے احتجاجاً لاہور فیصل آباد روڈ بلاک کی۔ ڈسکہ میں سیکڑوں افراد نے گلوٹیاں گرڈ اسٹیشن میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی اور گوجرانوالہ سیالکوٹ روڈ بھی بلاک کر دی،جلالپور بھٹیاں میں خواتین نے مظاہرہ کیا، جھنگ میں مظاہرین نے فیصل آباد روڈ پر ٹینٹ لگا دیا، دھرنا دے کر بیٹھ گئے اور ریلوے پھاٹک بند کر دیا۔ پشاور میں مظاہرین نے کوہاٹ روڈ پر گرڈ اسٹیشن کے سامنے دھرنا دیا۔


سائن بورڈز پر پتھرائو کیا اور واپڈا کی گاڑی کے شیشے توڑ دیے جبکہ ٹائرز جلا کر روڈ بلاک کردی جبکہ نوتھیہ اور درہ روڈ پر بھی مظاہرے ہوئے، نوشہرہ میں شہریوں نے امان گڑھ گرڈ اسٹیشن پر حملہ کردیا، مرکزی گیٹ اکھاڑ دیا اور توڑ پھوڑ کی، عملے کے اہل خانہ پر بھی تشدد کیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے ہوائی فائرنگ بھی کی، چارسدہ میں مظاہرین نے واپڈا دفتر پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی جبکہ اے این پی، پی پی پی، جے یوآٓئی اور مسلم لیگ ( ن) کے بڑے بڑے پورٹریٹ اور جھنڈوں کو آگ لگا دی، پولیس نے زبردست ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی اور 11افراد کو گرفتار کر لیا، صوابی میں بھی گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بولا گیا اور ملازمین کے کوارٹرز، گیٹ اور دیگر املاک کو آگ لگا دی گئی۔

مظاہرین نے سائن بورڈز اور اے این پی کے مرکزی دفتر پر بھی پتھراؤ کیا' ہنگو میں مشتعل افراد نے گرڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بند کردی' سیالکوٹ، سانگلہ ہل' شرقپور شریف' حافظ آباد، اجنیانوالہ، کنگن پور، پھولنگر' رائیونڈ، بورے والا، کبیر والا، میلسی، مظفرگڑھ، خیر پور ٹامیوالی، چترال، بنوں، لکی مروت، مردان، بنوں اور بونیر میں بھی شہریوںنے مظاہرے کیے اور کئی مقامات پر ٹریفک کا نظام معطل کردیا۔ جیکب آباد میں جسقم نے مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا، دریں اثنا پاکپتن میں احتجاج کرنے پرتحریک انصاف کے سٹی صدر سمیت 87افراد جبکہ تاندلیانوالہ میں 4سو مظاہرین کیخلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

دریں اثنا انرجی مینجمنٹ سیل کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز شارٹ فال5139 میگاواٹ ریکارڈ کیا گیا۔ وزیر پانی و بجلی احمد مختار کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس کے بعد وزارت بجلی کے ترجمان نے بتایا کہ چشمہ پاور پلانٹ ون اور ٹو نے دوبارہ کام شروع کر دیا جس سے نیشنل گرڈ میں مجموعی طور پر650 میگا واٹ بجلی شامل ہوگئی اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی آنے کا امکان ہے، ترجمان کے مطابق مظفر گڑھ پاور پلانٹ سے بھی بہت جلد 370 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی جو جمعے کو مظفر گڑھ کے علاقے میں آنے والے طوفان سے ٹرانسمیشن لائنز کی تباہی کے باعث بند ہو گئی تھی۔

دریں اثنا جنرل مینجر (جی ایس او) این ٹی ڈی سی رائے خالد حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی محمد ظفر نے بتایا کہ اے ای ایس لا ل پیر اور پاک جین سے 725 میگاواٹ کی پیداوار واپس لانے میں دو دن لگیں گے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دو یا تین دن میں حالات بہتر ہو جائیں گے۔ دریں اثنا صدر آصف زرداری نے بجلی کے بدترین بحران اور سحر و افطار کے دوران بھی لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آج ایوان صدر میں اہم اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف، وزراء خزانہ، پانی و بجلی اور پٹرولیم و گیس اور سیکریٹری شرکت کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری کے کہنے پر پنجاب میں پیدا ہونے والی 700میگاواٹ بجلی صوبے سے باہر بھجوائی جارہی ہے صوبے کا انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں18،18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ آصف زرداری کی پنجاب کے عوام کے خلاف انتقامی سوچ کا شاخسانہ ہے جس کی پوری قوم مذمت کرتی ہے، مسٹر زرداری کے کہنے پر پنجاب میں پیداہونے والی700میگا واٹ بجلی بھی صوبے سے باہر بھجوائی جارہی ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ پر پنجاب کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک پر عوام سراپااحتجاج ہیں ، میں خود بھی سڑکوں پر ہوں اور زیادتی کے خلاف آواز بلند کررہا ہوں ۔

Recommended Stories

Load Next Story