شمالی وزیرستان رمضان میں دوسرا ڈرون حملہ 7 افراد جاں بحق

مرنیوالوں کاتعلق گل بہادرگروپ سے ہے،مقامی انتظامیہ،تراویح کے دوران ڈرون حملوں کے خطرات کے باعث قبائلیوں میں خوف و ہراس

مرنیوالوں کا تعلق گل بہادرگروپ سے ہے،مقامی انتظامیہ،تراویح کے دوران ڈرون حملوں کے خطرات کے باعث قبائلیوں میں خوف و ہراس. فوٹو اے ایف پی

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں ایک مکان پر امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں 7 افرادہلاک ہوگئے،حملے میں مکان اور2گاڑیاں تباہ ہوگئیں،ایک سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ جاسوس طیارے نے گائوں خوشحالی طوری خیل میں ایک کمپائونڈ پر 6 میزائل داغے جس میں موجود 7 افرادہلاک ہوگئے۔


حملے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، مکان کے ملبے تلے مزید افراد کے دبنے کا خدشہ ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتاہے، اہلکار کے مطابق حملے میں 2 گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں ۔ بی بی سی کے مطابق مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ حملہ شام 4 بجکر 25 منٹ پر کیا گیاجس میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا، مرنیوالوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ کے مقامی طالبان سے بتایا جاتا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ جس مکان پر میزائل حملہ ہوا ہے یہ گزشتہ ایک عرصے سے حافظ گل بہادر گروپ کے مقامی طالبان کے زیراستعمال تھا اور اس میں غیرملکیوں کا آنا جانا بھی تھا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رمضان شروع ہوتے ہی جاسوس طیاروں کی پروازوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے تراویح کے دوران ڈرون حملے کے خطرات سے عام شہریوں میں بھی خوف پھیل گیا ہے، ایک قبائلی نے بتایا کہ تراویح کے دوران ہر رکعت میں یہ خوف رہتا ہے کہ کہیں ڈرون حملہ نہ ہوجائے۔ ایکسپریس ٹریبیون نے ایک سکیورٹی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملہ کار اورایک چھوٹے کمپائونڈ پر کیا گیا جس میں کم ازکم 6 ازبک جنگجو ہلاک ہوئے۔

Recommended Stories

Load Next Story