آئندہ سال مارچ کے بعد صرف بل نہ دینے والے لوڈشیڈنگ دیکھیں گے عابد شیر علی

گزشتہ برس كی نسبت رواں برس رمضان المبارك میں كم لوڈ شیڈنگ كی جائے گی، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی

گزشتہ برس كی نسبت رواں برس رمضان المبارك میں كم لوڈ شیڈنگ كی جائے گی، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی، فوٹو؛ ایکسپریس

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہےکہ مارچ 2018 كے بعد ملك بھر میں لوڈشیڈنگ كا خاتمہ كر دیا جائے گا اور اس کے بعد صرف ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہو گی جہاں بجلی كے بل دینے كا رواج نہیں۔

واپڈا ہاؤس لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ گزشتہ برس كی نسبت رواں برس رمضان المبارك میں كم لوڈ شیڈنگ كی جائے گی اور جو لوڈ شیڈنگ ہو گی وہ شیڈول كے مطابق ہو گی جب كہ مارچ 2018 كے بعد ملك بھر میں لوڈشیڈنگ كا خاتمہ كر دیا جائے گا اور اس کے بعد صرف ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہو گی جہاں بجلی كے بل دینے كا رواج نہیں یا پھر جہاں سب سے زیادہ بجلی چوری كی جاتی ہے۔


عابد شیر علی نے کہا کہ پاكستان بننے سے 2013 تك 13500سے 13800 میگاواٹ تك بجلی پیدا كی گئی، مشرف اور پاكستان پیپلز پارٹی كے دور میں ایك میگاواٹ بجلی پیدا نہیں كی گئی جب كہ مارچ 2018 تك بجلی كی پیداوار میں 13500 میگاواٹ تك بجلی كا اضافہ كیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بجلی كی ٹرپنگ سے شہریوں كے برقی آلات جل جاتے تھے لیكن آئندہ سال مارچ كے بعد ایسا نہیں ہو گا بلكہ برقی آلات جلنے كی بجائے بہتر انداز میں كام كریں گے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا كے بعض علاقوں میں بجلی چوری كرنے میں كوئی عار نہیں سمجھی جاتی لیكن اب وہ دور نہیں رہا جب ایسا ہوتا تھا اب سب كو بل دینا پڑے گا یا پھر بجلی سے محروم ہونا پڑے گا۔
Load Next Story