مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 کشمیریوں کی شہادت پر ہڑتال

حریت کانفرنس کی اپیل پر وادی میں مکمل ہڑتال ہے جب کہ مختلف مقامات پر نہتے کشمیری احتجاج کررہے ہیں

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد بھارتی فورسز سے جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد کشمیری زخمی ہوگئے۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 کشمیریوں کی شہادت پر وادی میں حریت کانفرنس کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ روز بھارتی افواج کے ہاتھوں شہید کیے جانے والے 3 نوجوانوں کی نماز جنازہ آبائی ضلع کلگام میں ادا کردی گئی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہریوں اور بھارتی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں جس کے نتیجے میں متعدد کشمیری زخمی ہوگئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں یوم پاکستان پر پاکستانی پرچم لہرا دیے گئے

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی درندگی کے نتیجے میں 3 افراد کی شہادت کے خلاف حریت کانفرنس کی کال پر آج مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے جب کہ جمعہ کو وادی میں مظاہروں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔


گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں قابض بھارتی فوجیوں نے کچھ نوجوانوں کا محاصرہ کررکھا تھا جن کو چھڑانے کے لیے دیگر کشمیری احتجاج کرتے ہوئے وہاں پہنچے تو بھارتی فوجیوں نے ان پر گولیاں برسادیں جس کے نتیجے میں 3 کشمیری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے ۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 3 کشمیری شہید

واضح رہے کہ گذشتہ برس جولائی میں برہان وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں شروع ہونے والی آزادی کی تحریک کو کچلنے کے لئے قابض بھارتی فوج وادی میں انسانیت سوز مظالم ڈھارہی ہے اوراب تک بھارتی فوج کے ہاتھوں سیکڑوں کشمیری شہید اورہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جب کہ قابض فوج کے مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال سے سیکڑوں کشمیری بصارت سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔

Load Next Story