پی پی کا دور سندھ کیلیے بد ترین ثابت ہوا ایاز لطیف پلیجو

سندھیوں کو سیم نالوں اور نہروں میں شگاف ڈال کر ڈبویا اورجمہوریت کو داغدار کیاگیا

ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا تاکہ وہ سندھ کی عوام کو ریلیف فراہم کرے گی لیکن اس نے حکومت میں آتے ہی آمر مشرف کی پالیسیاں جاری رکھ کر جمہوریت کو داغدار بنایا۔ فوٹو: فائل

عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا دور حکومت بد ترین دور ثابت ہوا ہے، سندھ اور سندھی عوام کو دیوار سے لگایا گیا۔

جنہیں جمہوریت پسند ہونے کی سزا دینے کے لیے گزشتہ 2 سالوں سے دریائے سندھ، سیم نالوں اور نہروں میں خود شگاف ڈال کر ڈبویا گیا اور آج بھی لاکھوں متاثرین بے یارو مددگار پڑے ہیں۔ عوامی تحریک جیکب آباد اور کشمور کے رہنماوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا تاکہ وہ سندھ کی عوام کو ریلیف فراہم کرے گی لیکن اس نے حکومت میں آتے ہی آمر مشرف کی پالیسیاں جاری رکھ کر جمہوریت کو داغدار بنایا۔




انھوں نے کہا کہ پی پی کے حکمرانوں نے سندھ میں بلدیاتی نظام نافذ کر کے اسے تقسیم کرنے کی سازش کی، لیکن جب تک سندھ کا ایک فرزند بھی زندہ ہے اپنی دھرتی کا تحفظ کرے گا۔ دریں اثناء سندھی شاگرد تحریک کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس مرکزی صدر فاضل زنئور کی زیر صدارت ہوا، جس میں عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک سیاسی جماعت کے قائد کی جانب سے سندھ کے خلاف دیئے گئے بیان کے16 جنوری سے سندھ بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا اور سندھی شاگرد تحریک کی تنظیم سازی کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ6 فروری کو شہید عاشق جونیجو کی برسی کی تقاریب سندھ کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کی جائیں گی۔
Load Next Story