پی سی بی میں سیاسی مداخلت مسائل کی جڑ ہے جاوید میانداد

پی سی بی کو خبردار ہونا چاہیے تھا کہ پی ایس ایل میں کیا ہوسکتا تھا، عامر سہیل

ان کو پکڑ کر سزائیں نہیں دیں گے تو فکسنگ کے واقعات سامنے آتے رہیں گے، میانداد۔ فوٹو: فائل

جاوید میانداد نے پی سی بی میں سیاسی مداخلت کو مسائل کی جڑ قرار دیدیا۔

جاوید میانداد نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاسی مداخلت مسائل کی اصل وجہ ہے، ایک اہل شخص صرف اپنے کام پر توجہ رکھتا اور ذمہ دار ہوتا ہے، مگر یہاں ہر حکومت اپنے بندے بٹھا دیتی ہے،ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا، سیاسی حمایت سے آنے والے لوگوں کی توجہ صرف اپنی کرسیاں بچانے پرہوتی ہے، کرکٹ سے ناواقف لوگوں کی موجودگی میں فکسنگ سمیت خرابیاں سامنے آتی رہیں گی۔


سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ فکسرز پر تو وہی ہاتھ ڈالے گا جو خود پاک صاف ہو،یہاں تو خود مشکوک ماضی والے افراد بورڈ میں بیٹھے ہیں۔ ایماندار اور انصاف پسند لوگ سامنے آئیں تو بدعنوانی کا سوچنے والے بھی کانپیں گے کہ ان کو کس طرح کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، چورکسی سطح پر بھی ہوں، ان کو پکڑ کر سزائیں نہیں دیں گے تو فکسنگ کے واقعات سامنے آتے رہیں گے۔

سابق کپتان عامر سہیل نے کہا کہ پی سی بی کو خبردار ہونا چاہیے تھا کہ پی ایس ایل میں کیا ہوسکتا تھا، ہوٹل میں ضابطے سخت ہوتے، سخت سیکیورٹی چیک رکھا جاتا تو ایسی نوبت نہیں آتی،صرف کھلاڑیوں کو قصوروار ٹہرائیں گے تو ایسا ہوتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بکیز کو بھی پکڑا جائے، بڑی مچھلیوں پر بھی ہاتھ ڈالنا چاہیے، ڈر کے مارے سزا دینے کی کارروائی ہورہی ہے، سارا کچا چٹھا سامنے آنا چاہیے۔ پورا گند صاف نہ کیا گیا تو آئندہ بھی ایسے واقعات سامنے آتے جائیں گے۔
Load Next Story