بھارتی ویمنز ٹیم کا کوچ پلیئرز سے چھیڑ چھاڑ پر گرفتار

انڈر 20 ہاکی ایونٹ میں حصہ لینے والی 5 کھلاڑیوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔

انگت سنگھ کو اس وقت پکڑاگیا جب وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے دہلی جانے والی ایک ٹرین پر سوار ہورہا تھا، پولیس فوٹو: فائل

آندھرا پردیش پولیس نے مقبوضہ جموں کشمیر انڈر20 ویمنز ہاکی ٹیم کے کوچ کو ٹیم کی کچھ کھلاڑیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پر گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انگت سنگھ کو اس وقت پکڑاگیا جب وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے دہلی جانے والی ایک ٹرین پر سوار ہورہا تھا، اسے یہاں سے 210 کلو میٹر دور کریم نگر ڈسٹرکٹ میں راما گندام کے مقام پرگرفتار کیا گیا۔ نیشنل انڈر 20 ویمنز ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیم کی 5 ارکان نے سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کی حدود میں واقع چندا نگر پولیس اسٹیشن میں ایک رپورٹ درج کرائی تھی۔




انھوں نے الزام لگایا تھا کہ کوچ نے حیدرآباد آتے ہوئے ٹرین میں ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، ٹیم جمعے کو ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس تجدیپ کور مینن کا کہنا ہے کہ گزشتہ صبح 5 چھوٹی بچیوں نے شکایت کی کہ کوچ نے انھیں پریشان کرنے کے ساتھ بدتمیزی بھی کی ہے، ہمیں معلوم ہوا کہ یہ شخص حیدرآباد چھوڑ چکا اور کسی ٹرین پر سفر کررہا ہے۔

ہم نے تمام ٹرینوں پر اسے تلاش کیا اور اے پی ٹرین میں سوار پایا، اسے گرفتار کرکے حیدرآباد لایا گیا ہے۔ تجدیپ ٹورنامنٹ کے آرگنائزرز میں شامل ہے اور بچیوں نے ابتدائی طور پر انہی سے شکایت کی تھی۔ کوچ کے خلاف چندانگر پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس نے انگت سنگھ سے گاچی باؤلی اسٹیڈیم میں پوچھ گچھ بھی کی تھی۔ سائبرآباد پولیس کا کہنا ہے کہ کیس ریلوے پولیس کے سپرد کردیا جائیگا۔ آندھرا پردیش ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دائنش ریڈی مخالف انڈین ہاکی فیڈریشن کے سربراہ بھی ہیں۔
Load Next Story