پاک بحرین دو طرفہ تجارت 1 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

دونوں ملکوں میں ٹیرف کا کوئی ایشو،نہ ہی تجارتی تنازعہ ہے، خرم دستگیر

بحرینی ہم منصب کے ساتھ وزیر تجارت کی پریس کانفرنس،ماضی کے مقابل پاکستان اب مستحکم، زاید الزیانی۔ فوٹو فائل

پاکستان اور بحرین نے اگلے 3 سال میں دوطرفہ تجارت کو ایک ار ب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہاہے کہ پاک بحرین دوستی اب اقتصادی شراکت داری میں بدل رہی ہے، جی سی سی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے کے پہلے ڈرافٹ کا جلد بحرین کے ساتھ تبادلہ کر دیا جائے گا جبکہ دوسری جانب بحرین کے وزیر صنعت و تجارت زاید الزیانی کا کہنا تھاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا موزوں وقت ہے، ماضی کے مقابلے میں پاکستان میں اب استحکام آچکا ہے۔


بحرین کے وزیر صنعت و تجارت زاید الزیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تجارت خرم دستگیر کا کہنا تھاکہ 6ماہ میں دوسری پاک بحرین کانفرنس کا انعقاد دونوں ملکوں میں سنجیدگی اور گرمجوشی کو ظاہر کرتاہے۔ وزیر اعظم کا وژن ہے کہ پاک بحرین دونوں کو اکنامک پارٹنر ہونا چاہیے اور اس سلسلے میں حکومت کوششیں کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ تجارتی حجم ممکنات سے کم ہے، دونو ں ملکوں میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق ہے اور دونوں ملکوں میں ٹیرف کا کوئی ایشو نہیں اور نہ ہی کوئی تجارتی تنازعہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر تجارت کا کہنا تھاکہ جی سی سی میں آزادانہ تجارت کے حوالے سے مذاکرات جلد شروع ہوں گے، چاول گوشت سبزیوں کی بحرین کو برآمد کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔ خرم دستگیر کا مزید کہنا ہے کہ اگلے دودن بعد پاکستان اور جی سی سی کے درمیان ابتدائی فریم ورک تیار کرلیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بحرین کے وزیر صنعت و تجارت زاید الزیانی کا کہنا تھاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے کا یہ بہترین موقع ہے، دونوں ملک تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔ بحرین پاکستان میں فنانشل، انفرااسٹرکچر اور میوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہش مند ہے۔

بحرین کے وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ پاکستان اور بحرین کے درمیان سیاسی سطح کوئی مسئلہ نہیں ہے اور دونوں ملکوں کے درمیاں اچھے تعلقات ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے کہاکہ پاک بحرین کے باہمی تعلقات بہت پرانے ہیں اور وزیرا عظم کے دورہ بحرین میں اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا تھا۔ انھوں نے کہاکہ بحرین کے سرمایہ کار پاکستان میں آ کر سرمایہ کاری کریں ان سے مکمل تعاون کیا جائے گا، ہم یقین دلاتے ہیںکہ بحرین کے ساتھ ملکر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
Load Next Story