سندھ حکومت کا باغ ابن قاسم بحریہ ٹاؤن کو لیزپردینے پرایم کیوایم کا احتجاج

باغ ابن قاسم کو پہلے جان بوجھ کر اجاڑا گیا تاہم ہم اس فیصلے پر عدالت سے رجوع کریں گے،فیصل سبزواری

جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز اس حوالے سے راضی نہیں ہوتے ہم باغ ابن قاسم کاانتظام نہیں سنبھالیں گے،ملک ریاض فوٹو:فائل

حکومت کی جانب سے باغ ابن قاسم بحریہ ٹاؤن کو لیز پر دینے کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم نے احتجاج کیا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیرصدارت ہونے والے اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی میں چائنا کٹنگ اور لندن کٹنگ کس نے کی سب کو پتہ ہے، چائنا کٹنگ کا خاتمہ اور تمام غیر قانونی شادی ہال گرائے جائیں تو لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حیدر آباد کے لئے 80 کروڑ روپے جاری کئے جا رہے ہیں، حیدر آباد پیپلز پارٹی کا شہر ہے اور یہاں کسی کی دادا گیری نہیں چلے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مسلم لیگ(ن) کی خاتون رکن کو ''ماسی'' کہنے پر سندھ اسمبلی میں ہنگامہ


وزیر بلدیات سندھ نے مزید کہا کہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ابن قاسم پارک 10 سال کے لئے بحریہ ٹاؤن کو لیز پر دیا جا رہا ہے، یہ پارک فلاحی مقاصد کے لئے بحریہ ٹاؤن کے حوالے کیا جا رہا ہے اور عوام سے کوئی پیسہ وصول نہیں کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات سندھ کی تقریر کے دوران ایم کیو ایم اراکین کی جانب سے شور شرابہ کیا جاتا رہا اور شیم شیم کے نعرے بھی لگائے گئے جس سے ایوان مچھلی منڈی کا مرکز پیش کرنے لگا۔

اس موقع پر ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ باغ ابن قاسم کو پہلے جان بوجھ کر اجاڑا گیا تاہم ہم اس فیصلے پر عدالت سے رجوع کریں گے۔

دوسری جانب بحریہ ٹاؤن کے چیرمین ملک ریاض کا کہنا تھا کہ جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز اس حوالے سے راضی نہیں ہوتے ہم باغ ابن قاسم کاانتظام نہیں سنبھالیں گے۔
Load Next Story