65ء کی جنگ کے ہیرو ایئرمارشل عظیم داؤد پوتا انتقال کرگئے

65 کی جنگ کے دوران اسکوارڈن لیڈر نے واہگہ اٹاری سیکٹر پر بمباری کرکے دشمن کی توپوں کو خاموش کروا دیا تھا

65 کی جنگ کے دوران اسکوارڈن لیڈر نے واہگہ اٹاری سیکٹر پر بمباری کرکے دشمن کی توپوں کو خاموش کروا دیا تھا، فوٹو؛ فائل

1965 کی پاک بھارت جنگ میں کارہائے نمایاں سر انجام دینے والے ایئر مارشل عظیم داؤد پوتا مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 65ء کی جنگ کے قومی ہیرو ایئر مارشل عظیم داؤد پوتا مختصر علالت کے باعث کراچی میں انتقال کرگئے ہیں جب کہ ان کی عمر 84 برس تھی۔ پاکستان کے بہادر جنگی ہیرو نے 16 دسمبر 1955 کو پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی اور 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران واہگہ اٹاری سیکٹر پربمباری کرکے دشمن کی توپوں کو خاموش کروا دیا تھا جب کہ دشمن کے خلاف اسی جرات وبہادری پر انہیں ستارۂ جرات سے نوازا گیا۔




ایئرمارشل عظیم داؤد پوتا 1983 میں زمبابوے ایئرفورس کے غیر مقامی کمانڈر بنے اور ان کی خدمات پر زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے نے انہیں اپنے وطن کے دوسرے سب سے بڑے اعزاز زمبابوے ''زمبابوے آڈر آف میرٹ'' سے نوازا جب کہ عظیم داؤد پوتا اکتوبر 1999 سے 24 مئی 2000 تک سندھ کے گورنر بھی رہے۔



ترجمان کے مطابق ایئر چیف مارشل سہیل امان نے قومی ہیرو ایئر مارشل عظیم داؤد پوتا کی وفات پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک جری پائلٹ، گن ٹاپ، امتیازی اسکالر، محب وطن پاکستانی اور اپنے پیشے کے ساتھ مخلص عظیم داؤد پوتا نہ صرف پاک فضائیہ کے ایئر مینوں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ اور قابل تقلید ماڈل کا درجہ رکھتے تھے۔
Load Next Story