پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کیلیے مشقوں کا آغاز آج سے ہوگا

ٹیسٹ اسکواڈ منتخب کرنے کیلیے سلیکٹرز بدھ کو صلاح مشورہ کریں گے

13کرکٹرز مدعو، شان مسعود، عثمان صلاح الدین، عباس، اسد رضا اور خالد بھی شامل۔ فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریزکیلیے مشقوں کا آغاز آج ہوگا جس کے لیے طویل فارمیٹ کے اسپیشلسٹ 13 کرکٹرز کو مدعو کرلیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے تربیتی کیمپ آج لاہور میں شروع ہو رہا ہے، سلیکٹرز نے ٹریننگ کیلیے 13کھلاڑیوں کو مدعو کرلیا، ان میں کپتان مصباح الحق،یونس خان، اظہر علی، اسد شفیق، سمیع اسلم، شان مسعود، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، سہیل خان، راحت علی،محمد عباس،اسد رضا اور خالد عثمان شامل ہیں،گریڈ 2 ٹورنامنٹ میں شریک مصباح سمیت چند کرکٹرز بعد میں کیمپ کو جوائن کریں گے۔

طویل فارمیٹ کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں میں سے چند پہلے ہی ویسٹ انڈیز میں موجود ہیں،لاہور میں پلیئرز نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں مشقوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے، اس دوران فٹنس کا بھی بغور جائزہ لیا جائے گا، ٹیسٹ اسکواڈ منتخب کرنے کیلیے سلیکٹرز بدھ کو صلاح مشورہ کریں گے، کپتان مصباح الحق سے بھی رائے طلب کی جائے گی۔


ذرائع کے مطابق ٹوئنٹی 20سیریز میں کیریبیئنز کو مشکلات کا شکار کرنے والے نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان کے نام پر غور کیا جا رہا ہے، پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کی وجہ سے اوپنرز کا انتخاب بھی توجہ طلب مسئلہ ہے، سمیع اسلم آسٹریلیا میں ناکام رہے تھے، کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے شان مسعود کو موزوں خیال کیا جا رہا ہے، عثمان صلاح الدین بھی مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز 22اپریل کو سبائنا پارک کنگسٹن اوول برج ٹاؤن میں ہوگا، دوسرا مقابلہ 30 اپریل اور تیسرا 10مئی سے شروع ہوگا۔

 
Load Next Story