چائنا سائوتھ ایشیا ایکسپوزیشن کی کراچی میں تعارفی تقریب

پاکستانی تاجروں کی شرکت سے معاشی روابط مستحکم ہوں گے، چینی نائب گورنر

دونوں ملکوں کے درمیان حکومتی سطح پر سرمایہ کاری کو فروغ دیاجائے، طارق سعید فوٹو: فائل

چین کے صوبے ینان کے نائب گورنر گاوشوین نے پاکستانی تاجروں کو رواں سال جون میں کن منگ شہر میں ہونے والے پہلے چائنا سائوتھ ایشیا ایکسپوزیشن میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

مقامی ہوٹل میں ایونٹ کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات بھی تیزی سے مضبوط ہوئے ہیں، چین خطے میں علاقائی تجارت کے فروغ کا خواہاں ہے جس کے لیے چین میں ہونے والی تجارتی نمائشیں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، چینی حکومت نے گزشتہ سال ہونے والے چائنا سائوتھ ایشین کنٹریز ٹریڈ فیئر کو اپ گریڈ کرکے اس سال چائنا سائوتھ ایشیا ایکسپوزیشن کی شکل میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو 6 سے 10 جون کن منگ میں منعقد ہوگی۔

اس ایونٹ کا کامیاب انعقاد چین کے ساتھ جنوب ایشیائی ممالک بشمول پاکستان کے معاشی، تجارتی، ثقافتی اور اکیڈمک تعلقات کو مستحکم بنانے میں معاون ہوگا جس سے خطے میں ترقی کی رفتار تیز کرنے اور باہمی وسائل سے استفادہ بھی ممکن ہوگا۔




اس موقع پر پاکستان چائنا بزنس کونسل کے سرپرست اعلی اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر طارق سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود توانائی بحران کو دور کرنے کے لیے چینی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستان میں موجود وسائل کو استعمال کرنے کے لیے مشترکہ سرمایہ کاری کرتے ہوئے پاک چائنا دوستی کو پروان چڑھایا جائے، اگرچہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کی تاجر برادری اہم کردار ادا کررہی ہے تاہم حکومتی سطح پر بھی سرمایہ کاری کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ٹی ڈی اے پی کے سی ای او عابد جاوید اکبر، ایف پی سی سی آئی کے صدر حاجی فضل قادرشیرانی،نائب صدر شکیل احمد ڈھینگرا، ہارون رشید، بیگم سلمٰی احمد ، چائنا سائوتھ ایشیا نمائش کی تشہیر کے لیے آنے والے وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔
Load Next Story