دوسرا ون ڈے بھارت نے ناکامیوں سے دامن چھڑا لیا

انگلینڈکو127 رنز سے مات، رویندرا جڈیجا کا آل رائونڈ کھیل، دھونی اور رائنا کی ففٹیز۔

دوسرا ون ڈے: بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی چھکا لگارہے ہیں، انھوں نے 72 رنز اسکور کیے۔ فوٹو : اے ایف پی

RAWALPINDI:
بھارت نے ناکامی سے دامن چھڑاتے ہوئے دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ کو 127 رنز سے مات دیدی، رویندرا جڈیجا کی آل رائونڈ کارکردگی نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

انھوں نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، بھونیشور کمار اور ایشون نے 3،3 وکٹیں لیں جبکہ رائنا اور دھونی نے بھی نصف سنچریاں بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق نہرو اسٹیڈیم میں 286 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا، دوسرے اوور میں ہی ای ین بیل (1) کو شامی احمد نے وکٹوں کے عقب میں دھونی کا کیچ بنوا دیا۔

الیسٹر کک اور کیون پیٹرسن کے درمیان54 رنز کی شراکت سے ٹیم کی مشکلات کم ہوتی دکھائی دیں، مگر بھونیشور کمار سے یہ برداشت نہ ہوا ، پہلے انھوں نے حریف کپتان کو17رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر انگلینڈ پر کاری ضربیں لگاتے ہوئے ایک ہی اوور میں2 وکٹیں لے اڑے، کیون پیٹرسن 42 رنز بنا کر بڑی اننگز کی جانب گامزن تھے کہ پیسر کی ایک گیند نے وکٹیں اکھاڑ پھینکیں، اسی اوور میں ایومورگن (صفر) پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے،73 رنز پر 4 پلیئرز کے آئوٹ ہونے پر مہمان ٹیم دفاعی حکمت عملی اختیار کرنے پر مجبور ہوگئی۔




مگر کوئی فائدہ نہ ہوا، کریگ کیسویٹر(18)کو ایشون اور روٹ (36) کو جڈیجا نے بولڈ کیا،آل رائونڈر نے ووکس کو کھاتہ کھولنے کی مہلت دیے بغیر میدان بدر کر دیا، ٹریڈویل(1) اور فن (صفر) کو ایشون نے پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیرن بیچ(2) رن آئوٹ ہوئے، سمت پٹیل نے 30 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، ٹیم 36 اوورز میں158 رنز کی مہمان ثابت ہوئی،آخری5 وکٹیں26 رنز کے دوران گریں۔

بھونیشور نے 29 اور ایشون نے 39رنز دے کر 3،3 پلیئرز کو آئوٹ کیا، رویندرا جڈیجا کو2 وکٹیں ملیں۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے6 وکٹ پر285 رنز اسکور کیے، اوپنرز راہنے (4) اور گوتم گمبھیر (8)18 کے مجموعے پر رخصت ہو گئے، یوراج سنگھ (32) اور ویرت کوہلی (37) نے اننگز کو سہارا دیا، باقی کا کام سریش رائنا (55)، مہندرا سنگھ دھونی (72)اور جڈیجا (61ناٹ آئوٹ) نے سنبھالتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنائی۔
Load Next Story