مسلم لیگ ن کے رہنما لیاقت جتوئی تحریک انصاف میں شامل

لیاقت جتوئی 22 اپریل کو دادو میں جلسہ کے دوران ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے

ہم نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے مک مکا کے وبال سے اپنی قوم کو بچائیں گے، عمران خان۔ فوٹو : سوشل میڈیا

سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما لیاقت جتوئی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے تاہم اس کا باضابطہ اعلان 22 اپریل کو دادو میں جلسہ عام میں کیا جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے چیئرمین تحریک انصاف سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں جہانگیر ترین، ڈاکٹر عارف علوی اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک تھے۔ ملاقات میں سندھ کی صورتحال، پیپلز پارٹی کی کرپشن اور سندھ کےعوام کی محرومیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، لیاقت جتوئی نے 22 اپریل کو دادو میں عظیم الشان جلسہ عام کے انعقاد کا اعلان کیا جہاں وہ اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔


لیاقت جتوئی نے چیئرمین تحریک انصاف کو جلسہ عام سے خصوصی خطاب کے لیے باضابطہ دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام ظلم اور استحصال سے پوری طرح عاجز آچکے ہیں، سندھ کے عوام تحریک انصاف اور عمران خان کے انتہائی شدت سے منتظر ہیں اور ملک بھر کی طرح سندھ میں آئندہ حکومت انشاء اللہ تحریک انصاف بنائے گی۔

اس موقع پر چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ لیاقت جتوئی اور ان کے ساتھیوں کی سوچ میں تبدیلی کا خیر مقدم کرتا ہوں،سندھ کے عوام کو مزید ظلم اور استحصال کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے جب کہ ہم نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے مک مکا کے وبال سے اپنی قوم کو بچائیں گے۔
Load Next Story