کینسرکے مرض میں مبتلا ونود کھنہ کی حالت انتہائی خراب

ونودکھنہ ممبئی کے ایک نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور بیماری کے باعث اس قدرلاغر ہوچکے ہیں کہ انہیں پہچاننا بھی مشکل ہے

ونود کھنہ کا شمار بالی ووڈ کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو پشاور میں پیدا ہوئے۔ فوٹو : فائل

70 اور 80 کی دہائی میں امیتابھ بچن کے سب سے بڑے حریف سمجھے جانے والے اداکار ونود کھنہ کینسر کا شکار ہوکر اتنے لاغر ہوچکے ہیں کہ انہیں پہچاننا بھی مشکل ہوگیا ہے۔

سوشل میڈیا میں آج کل بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار ونود کھنہ کی ایک تصویر وائرل ہے جس میں وہ اپنے گھر والوں کے ہمراہ ممبئی کے نجی اسپتال میں مریضوں کے لیے مخصوص کپڑے پہنے نظر آرہے ہیں، تصویر میں وہ اس قدر لاغر ہیں کہ انہیں پہچاننا بھی مشکل ہے۔

گو کہ ونود کھنہ اب بڑی اسکرین پر کم ہی نظر آتے ہیں لیکن وہ سیاسی میدان میں کافی فعال ہیں، ان کا تعلق بھارتی حکمران جماعت بی جے پی سے ہے اور وہ بھارتی پنجاب کے علاقے گورداس پور سے بھارتی پارلیمنٹ لوک سبھا کے رکن بھی ہیں۔ ان کی بیماری اور صحت کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ نے میڈیا کو کچھ بھی بتانے سے انکار کردیا ہے تاہم ان کے بڑے بیٹے راہول کھنہ کا کہنا ہے کہ ونود کھنہ کو جمعے کے روز جسم میں پانی کی شدید کمی کے بعد اسپتال لایاگیا تھا جہاں ان کا علاج اب بھی جاری ہے اور اب وہ تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔




ونود کھنہ نے دو ماہ قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انہیں کینسر کا مرض ہے لیکن ان کا علاج کامیابی سے جاری ہے۔ اس وقت بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں مثانے کا کینسر ہے لیکن اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ ونود کھنہ کا شمار بالی ووڈ کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو پشاور میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بھارت میں سکونت اختیار کرلی تھی۔
Load Next Story