ڈونلڈ ٹرمپ نے شامی حکومت کیخلاف فوجی کارروائی کا عندیہ دے دیا

امریکا پہلے سے ہی شامی صدر بشار الاسد کو ہٹانے کے لئے بین الاقوامی اتحاد پر زور دے رہا ہے، وزیرخارجہ

امریکا پہلے سے ہی شامی صدر بشار الاسد کو ہٹانے کے لئے بین الاقوامی اتحاد پر زور دے رہا ہے، وزیرخارجہ (فوٹو: فائل)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شہریوں پر کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کے بعد بشار حکومت کیخلاف فوجی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بشارالاسد نے شہریوں پر زہریلی گیس کا استعمال کرتے ہوئے بہت بڑے جرم کا ارتکاب کیا ہے جسے اس کا حساب دینا ہوگا اور شامی حکومت کو ایسا نہیں کرنا چاہیئے تھے اور آئندہ ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ امریکا کی جانب سے آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں بشار حکومت کے خلاف کچھ ہونا چاہیئے۔


دوسری جانب امریکی سیکریٹری خارجہ ریکس ٹلرسن کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ شام میں عام شہریوں کے خلاف کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کے بعد شامی حکومت کے خلاف فوجی کارروائی پر غور کر رہے ہیں جب کہ امریکا پہلے سے ہی شامی صدر بشار الاسد کو ہٹانے کے لئے بین الاقوامی اتحاد پر زور دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشار الاسد کو عہدے سے ہٹانے کے لئے پہلے شام میں داعش کے خلاف منظم کارروائی کرنا ہوگی جس کے بعد خانہ جنگی کا خاتمہ اور پھر تمام اتحادیوں کو مل کر بشارالاسد حکومت کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

Load Next Story