ایم کیو ایم پاکستان کا ایک اور رکن اسمبلی پی ایس پی میں شامل

پی ایس 119 سے منتخب رکن اسمبلی ارتضیٰ فاروقی نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی

پی ایس 119 سے منتخب رکن اسمبلی ارتضیٰ فاروقی نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی۔ فوٹو : آن لائن

پاک سر زمین پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور وکٹ کاٹ دی اور پی ایس 119 سے رکن اسمبلی نے مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

کراچی میں پاک سر زمین کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس 119 سے منتخب ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی ارتضیٰ خلیل فاروقی نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ارتضیٰ فاروقی کافی عرصے سے لندن میں مقیم تھے اور گزشتہ روز ہی وطن واپس آئے ہیں۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کے لاپتہ 125 کارکنان منظرعام پر آتے ہی ایس پی میں شامل

اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ارتضیٰ فاروقی کو پی ایس پی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہمیں مانتے ہیں انہیں بھائی اور جو نہیں مانتے انہیں بڑا بھائی مانتے ہیں۔ ارتضیٰ فاروقی نے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ناکردہ گناہوں کی سزا کیوں کاٹوں، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے ارتضیٰ فاروقی کا کہنا تھا کہ فاروق بھائی بہت ہو چکی، اب کراچی والوں کو ان کا حق دینا ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان کے کئی رہنما پی ایس پی میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔
Load Next Story